کاروبارتازہ ترین

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت روسی زبان کے کورس کا باقاعدہ آغاز

زبانیں سیکھنا اقوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کے درست تلفظ، سیکھنے کے جذبے اور روسی زبان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو قابلِ تعریف قرار دیا

عامر سہیل-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
لاہور: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی تعلیم کے فروغ اور روسی فیڈریشن کے ساتھ ثقافتی، تعلیمی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے روسی زبان کے کورس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس اہم اقدام کا مقصد طلبہ، کاروباری افراد اور پیشہ ور طبقے کو روسی زبان سے روشناس کروانا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھل سکیں۔
کورس کی افتتاحی تقریب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی روسی فیڈریشن کے سفارت خانے اسلام آباد کے ایجوکیشن اتاشی تھے۔ تقریب میں ڈاکٹر اشرف نظامی، ڈاکٹر شاہد حسن، وائس پریزیڈنٹ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جناب خرم لودی اور روسی زبان کے استاد امتیاز الحق سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ، تاجر برادری کے نمائندگان اور چیمبر کے عہدیداران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

روسی فیڈریشن کے ایجوکیشن اتاشی نے تقریب کے دوران روسی زبان کی کلاس کا دورہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے طلبہ سے براہِ راست روسی زبان میں گفتگو کی، ان کی زبان پر عبور، تلفظ اور اعتماد کا بغور مشاہدہ کیا۔ طلبہ کی محنت اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے انہوں نے ان کی کارکردگی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں ایجوکیشن اتاشی نے کہا کہ زبانیں سیکھنا اقوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کے درست تلفظ، سیکھنے کے جذبے اور روسی زبان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ انہوں نے روسی زبان کے فروغ کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس پریزیڈنٹ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جناب خرم لودی نے کہا کہ روسی زبان کا یہ کورس نہ صرف طلبہ بلکہ کاروباری برادری کے لیے بھی بے حد اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات میں وسعت آ رہی ہے اور ایسے میں روسی زبان سے واقفیت پاکستانی تاجروں اور نوجوانوں کے لیے نئے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور تجارتی مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبر مستقبل میں بھی بین الاقوامی زبانوں اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گا۔
ڈاکٹر اشرف نظامی اور ڈاکٹر شاہد حسن نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی زبان کے کورس کے آغاز کو پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور بروقت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ کو عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور مختلف اقوام کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں۔
روسی زبان کے استاد امتیاز الحق نے کورس کی اہمیت اور نصاب پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق زبان سکھائی جا رہی ہے، جس میں روزمرہ گفتگو، تعلیمی استعمال اور کاروباری ضرورتوں کو خصوصی طور پر مدِنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کورس کے ذریعے طلبہ روسی زبان میں مؤثر ابلاغ کی صلاحیت حاصل کر سکیں گے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ روسی زبان کا یہ کورس پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بنے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button