
کریملن پراُمید ہے کہ امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر جلد ہی یوکرینی جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کے لیے ماسکو کا نیا دورہ کریں گے۔
روسی نیوز ایجنسی تاس کے مطابق جمعرات کو صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے بتایا کہ واشنگٹن کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’جیسے ہی تاریخوں پر اتفاق ہو جائے گا، ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ دورہ جلد عمل میں آ جائے گا۔‘‘
پیسکوف نے مزید کہا کہ ان مذاکرات میں روسی موقف کا پیش کیا جانا بہت اہم ہے، کیونکہ اب تک کی بات چیت روس کی شمولیت کے ساتھ ہی جاری رہی ہے۔

امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اورصدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر گزشتہ دسمبر کے اوائل میں ماسکو پہنچے تھے، جہاں انہوں نے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی تھی۔ اس وقت بات چیت کا محور وہ امریکی منصوبہ تھا، جو یوکرین میں تقریباً چار سال سے جاری روسی جنگ کے خاتمے سے متعلق تھا۔
اس کے بعد سے امریکی نمائندوں، یوکرین اور یورپی فریقوں کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن میں جرمن دارالحکومت برلن میں ہونے والی بات چیت بھی شامل ہے۔
ماسکو تاحال اپنے سخت ترین مطالبات سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، جو دراصل یوکرین پر مکمل سیاسی اور اسٹریٹیجک کنٹرول جیسی صورت حال پیدا کرنے پر مبنی ہیں۔



