پاکستاناہم خبریں

پاکستان میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور وی لاگرز کے ساتھ اعلیٰ سیکیورٹی حکام کی خصوصی نشست

قومی سلامتی، خارجہ پالیسی، غزہ، کشمیر اور دہشت گردی سے متعلق اہم امور پر کھل کر گفتگو

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ

اسلام آباد میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور وی لاگرز کے ساتھ ایک خصوصی اور غیر معمولی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار نے ملک کی داخلی و خارجی سلامتی، خطے کی صورتحال اور قومی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نشست کا مقصد نوجوانوں اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ رائے ساز طبقات کے ساتھ براہِ راست رابطہ، غلط فہمیوں کا ازالہ اور حقائق پر مبنی بیانیے کا فروغ تھا۔

کھلا مکالمہ، تفصیلی سوال و جواب

نشست کے دوران شرکاء کو اہم سیکیورٹی معاملات پر کھل کر بات چیت کا موقع دیا گیا۔ انفلوئنسرز اور وی لاگرز نے داخلی سلامتی، دہشت گردی، خارجہ پالیسی، غزہ کی صورتحال، کشمیر، سول ملٹری تعلقات اور علاقائی چیلنجز سے متعلق سوالات کیے، جن کے سیکیورٹی حکام نے تفصیلی اور جامع جوابات دیے۔
گفتگو کے اختتام پر شرکاء نے بریفنگ کو بروقت، معلوماتی اور اعتماد سازی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے سراہا۔

قومی مفاد اولین ترجیح

سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان ہر حال میں اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا اور تمام قومی فیصلوں کا محور پاکستان اور پاکستانی عوام کا مفاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اور قوم کے درمیان کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا اور نہ ہی کسی کو اس کی اجازت دی جائے گی، کیونکہ یہ رشتہ انتہائی مضبوط اور گہرا ہے۔

سیاست اور جمہوریت پر مؤقف

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی قیادت قابلِ احترام ہیں، تاہم کوئی بھی فرد یا جماعت اپنی ذات کو پاکستان سے بالاتر نہ سمجھے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی قیادت کو بھی قابلِ احترام قرار دیا، جس نے وقت کے تقاضوں کے مطابق مشکل مگر بروقت اور دلیر فیصلے کیے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جمہوری نظام کے تحت ہی آگے بڑھے گا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جمہوری اقدار کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔

قیاس آرائیوں کے تدارک اور میڈیا کا کردار

بریفنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ قیاس آرائیوں کے تدارک اور حقائق کی ترویج کے لیے ریاست اور میڈیا کے درمیان روابط ناگزیر ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں، تاہم نوجوانوں کو مثبت سمت میں گامزن کرنے کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔

غزہ، فلسطین اور امن بورڈ سے متعلق وضاحت

سیکیورٹی ذرائع نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان کبھی بھی فلسطینی عوام کی امنگوں کے خلاف نہیں جائے گا اور اس وقت غزہ میں جاری خونریزی کو روکنا پاکستان اور دوست مسلمان ممالک کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ کسی بھی فورس کی تشکیل، مینڈیٹ یا تعیناتی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جبکہ غزہ امن بورڈ کا قیام صرف تعمیرِ نو اور بحالی کے لیے ہے۔
واضح کیا گیا کہ افواج پاکستان حماس کو غیر مسلح کرنے میں کسی صورت شریک نہیں ہوں گی، اور یہ پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔

خارجہ پالیسی اور عالمی تعلقات

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق غزہ امن بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ آٹھ بڑے اسلامی ممالک سے مشاورت اور مکمل غور و فکر کے بعد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کی پوزیشن میں عملی طور پر صرف امریکا ہے، جبکہ غزہ میں خونریزی کا حل سیاسی عمل اور بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
پاکستان ہمیشہ اپنی خارجہ پالیسی میں کثیر الجہتی طریقہ اپناتا رہا ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط، اسٹریٹجک اور باہمی مفادات کی بنیاد پر مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

بھارت، افغانستان اور دہشت گردی

بریفنگ میں کہا گیا کہ بھارت اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کے باعث پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم افغانستان کی جانب سے جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے بعد سرحد پار سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی دیکھی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ سیاست، مالی فائدے یا مذہب کا لبادہ اوڑھ کر دہشت گردی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

کشمیر پر اصولی مؤقف

سیکیورٹی ذرائع نے دوہرایا کہ پاکستان کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا رہے گا اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے تمام سفارتی اور سیاسی کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ “کشمیر بنے گا پاکستان” ہمارا قومی عزم ہے۔

نیشنل ایکشن پلان اور داخلی سلامتی

بریفنگ میں نیشنل ایکشن پلان کو ایک متفقہ دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کی توثیق تمام سیاسی جماعتوں نے کی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اس پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
افواجِ پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کے لیے شب و روز قربانیاں دے رہے ہیں، تاہم مکمل کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکسوئی اور خلوص نیت کے ساتھ کردار ادا کرنا ہوگا۔

بلوچستان کی صورتحال میں بہتری

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں نیشنل ایکشن پلان پر سیاسی سرپرستی میں عملدرآمد، بہتر گورننس، روزگار کے مواقع، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے سے سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

معرکۂ حق اور سفارتی کامیابیاں

بریفنگ میں بتایا گیا کہ معرکۂ حق سے متعلق تمام فیصلے وزیراعظم کی سربراہی میں حکومتِ وقت نے کیے، جبکہ افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ رائے دی۔
اس کے بعد سیاستدانوں اور سفارتکاروں نے بہترین سفارتکاری کا مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان کی عالمی سطح پر پوزیشن مضبوط ہوئی۔

اختتامیہ

نشست کے اختتام پر شرکاء نے سیکیورٹی حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کو شفاف، جامع اور اعتماد سازی کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ انفلوئنسرز اور وی لاگرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حقائق پر مبنی معلومات کے فروغ اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button