کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ لگتا ہے حکومت پیٹرول کی قیمتیں 250 سے300 روپے فی لٹر تک جبکہ ڈالر کی قیمت 250 روپے تک لے کر جائے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 140ڈالرفی بیرل سے اوپرگئیں مگر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آج کی قیمتوں سے کم رکھیں۔ ملک پرمسلط کی گئی حکومت کی سزاعوام اٹھا رہی ہے، پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ لوگوں کی تنخواہیں کم ہو رہی ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ بدقسمتی سے روشنیاں اور تعلیم و ترقی اب کراچی کی پہچان نہیں رہیں بلکہ دہشت گردی اس کی پہچان بن گئی ہے تاہم شہر میں قیام امن کے باعث کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں اور لوگوں کو روزگار میسر آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول اب 137 روپے 79 پیسے میں دستیاب ہو گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 137روپے 79 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 134 روپے 48 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 108 روپے 35پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 110روپے26 پیسے میں فی لیٹر دستیاب ہو گا۔