
نیوز ڈیسک
اسلام آباد: پاکستان نے نیشنل میڈیکل ٹورازم انیشیٹو کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس کا اعلان پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز (PAPS) کی سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کو کم لاگت اور معیاری طبی سہولیات کا علاقائی مرکز بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب میں سیکرٹری صحت اسلم غوری، ڈی جی ایس آئی ایف سی سمیت اعلیٰ حکومتی و طبی شخصیات اور عالمی ماہرین نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے عالمی مریضوں کو پاکستان میں سستی اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔
کانفرنس میں شریک بین الاقوامی ماہرین نے اس اقدام کو سراہا۔ مصر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خالد سمیع نے شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی شرکت کی خواہش ظاہر کی، جبکہ برطانیہ سے پروفیسر ڈاکٹر معظم تارڑ نے کانفرنس کے معیار اور انتظامات کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی پاکستان میں صحت کے شعبے میں عالمی تعاون، سرمایہ کاری اور میڈیکل ٹورازم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔



