وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات
انہوں نے کہا کہ یہ قدم کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور تنازعہ کے دیرپا حل کے لیے سفارتی چینلز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اسلام مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد کے حوالے سے سفارتی کاوشوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنگ بندی میں توسیع کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور تنازعہ کے دیرپا حل کے لیے سفارتی چینلز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مسئلے کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین سفارتی اور پرامن حل کو موقع دیں گے۔
اس موقع پر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیام امن اور تنازعہ کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔



