اہم خبریںپاکستان

پاکستان کی خلا کی جانب تاریخی اُڑان، احسن اقبال نے شین ژو-24 مشن کی پرواز کا براہِ راست مشاہدہ کیا

ڈاکٹر ذیشان علی نہ صرف پاکستان کے پہلے خلاباز ہیں بلکہ چین کے اشتراک سے خلا میں جانے والے پہلے بین الاقوامی خلاباز اور چینی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی مہمان بھی ہیں۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

سید عاطف ندیم-ادارت
بیجنگ: پاکستان کی خلا کی جانب تاریخی اُڑان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کے جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شین ژو-24 خلائی مشن کی تاریخی پرواز کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر ذیشان علی کی خلائی روانگی کو پوری قوم کے لیے فخر اور مسرت کا لمحہ قرار دیا۔

25 نومبر 2026 کو چین میں اعلیٰ سطح پاکستانی وفد کے ہمراہ موجود وفاقی وزیر احسن اقبال نے شین ژو-24 کے تینوں خلابازوں کی الوداعی تقریب میں شرکت کی اور ملک کے پہلے خلاباز ڈاکٹر ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر ذیشان علی نہ صرف پاکستان کے پہلے خلاباز ہیں بلکہ چین کے اشتراک سے خلا میں جانے والے پہلے بین الاقوامی خلاباز اور چینی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی مہمان بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذیشان علی اپنے شانوں اور وردی پر سجے سبز ہلالی پرچم کے ساتھ 26 کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں، دعاؤں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی امنگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شین ژو-24 مشن پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بہترین تحفہ ہے۔ 2017-18 میں انہوں نے چینی ہم منصبوں کو تجویز دی تھی کہ سی پیک کے تحت زمینی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے بعد دوطرفہ تعاون کو خلائی شعبے تک وسعت دی جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شاہراہوں سے انفارمیشن سپر ہائی ویز اور اب خلائی راہوں تک پاک چین دوستی اور سی پیک آسمانوں سے بھی بلند ہو رہے ہیں۔ اس خواب کو حقیقت بنتے دیکھنا ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خوابوں اور عزائم کی تکمیل کے لیے پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھیں اور خلا میں بلند ہوتے راکٹ سے تحریک حاصل کرتے ہوئے زندگی میں نئی بلندیوں کو چھونے کی کوشش کریں۔
اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا:
نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
وفاقی وزیر نے ڈاکٹر ذیشان علی کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ متبادل پاکستانی خلاباز کی سخت تربیت اور غیر معمولی مہارت کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ مشن کے لیے صرف ایک نشست دستیاب تھی، تاہم پوری قوم متبادل خلاباز کی صلاحیتوں اور لگن کی بھی یکساں قدر کرتی ہے۔
احسن اقبال نے ڈاکٹر ذیشان علی کے خلائی مشن کی کامیابی اور پاک چین دوستی کے مزید مستحکم ہونے کے لیے دعا کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button