ایجنسیاں
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق محسن نقوی اور ایرانی ہم منصب کے دوران ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن اور خطے کی تازہ صورت حال پر گفتگو بھی کی گئی جبکہ ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کے حل کے لیے فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی میزبان ایرانی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سکیورٹی، تجارت اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق معاملات پر قابلِ عمل حل نکالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران اور پاکستان تعلقات سے متعلق امور کو ایران کے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ اپنی آئندہ ملاقاتوں میں مزید سنجیدگی سے آگے بڑھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپنے دورے کے دوران محسن نقوی کی ایرانی قیادت کے ساتھ مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں خطے کی مجموعی صورتِ حال اور ایران اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی حالیہ عرصے میں خطے کی سلامتی اور عالمی توانائی منڈی پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور مذاکرات کی حمایت کرتا آیا ہے۔
9 سے 11 مئی کے دوران قطر اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے باوجود ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات برقرار رہے۔ ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز میں آبنائے ہرمز پر خودمختاری اور جنگی نقصانات کے ازالے جیسے مطالبات شامل تھے، جنہیں امریکہ نے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد تہران پہنچا تھا۔ وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ تھے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ ایران کے دوران ایران کی اعلٰی قیادت سے اہم ملاقاتیں کی تھیں، جسے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی گئی۔



