اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید نے احتجاج کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں ہمیں قبول ہوگا لیکن کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ خطہ اہم ترین دور سے گزر رہا ہے، اپوزیشن یہ بات جان لے کے یہ شور شرابے کا وقت نہیں ہے اور الیکشن میں بھی صرف 20 سے 22 ماہ رہ گئے ہیں تھوڑا سا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن نے کوئی غلطی کی تو ان کےلیے مسائل پیدا ہوں گے، کیوں کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی لہذا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن افواہوں کے سہارے تحریک چلانا چاہتی ہے لیکن 10 سے 15 دن میں یہ افواہیں دم توڑ جائیں گی۔