کھیلتازہ ترین

صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی مشیر وزیراعلی پنجاب علی ڈار کے ہمراہ ایشیا پیسفک پیڈل کپ کے لیے روانہ ہونے والی ٹیم پاکستان سے ملاقات

قومی کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں،محرم الحرام کے بعد پنجاب میں بڑے پیڈل ٹورنامنٹ کا انعقاد کروائیں گے ۔ صوبائی وزیر کھیل

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
فلپائن کے شہر منیلا میں منعقد ہونے والے ایشیا پیسفک پیڈل کپ (APPC) میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں دی پیڈل کلیکٹو اور پریسکاٹ ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی ڈار نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے قومی ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایشیا پیسفک پیڈل کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "آپ صرف ایک ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں۔ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ اپنی محنت، جذبے اور بہترین کھیل کے ذریعے قومی پرچم کو سربلند کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
صوبائی وزیر کھیل نے اس موقع پر اعلان کیا کہ محرم الحرام کے بعد محکمہ اسپورٹس پنجاب اور مصنوعی ذہانت کے شعبے کے اشتراک سے ایک بڑے پیڈل ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ میں جلد نئے پیڈل کورٹ کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں مزید 14 جدید پیڈل کورٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے دی پیڈل کلیکٹو اور پریسکاٹ ڈویلپمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے اور ایسے اقدامات نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پیڈل کھیل کی ترقی میں بھی اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت اے آئی وژن 2029 کے تحت جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں کے ساتھ ہم آہنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو کھیلوں کے شعبے سے جوڑ کر نوجوانوں کے لیے جدید تربیتی نظام، مؤثر منصوبہ بندی اور عالمی معیار کی کارکردگی کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جس سے پاکستان کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں گے۔
ایشیا پیسفک پیڈل کپ کے لیے قومی ٹیم میں عامِل تبانی (کپتان)، حذیفہ رحمان، عبداللہ عدنان، محمد سالار، فرحان مصطفیٰ، آصفہ شہباز، شیزہ ساجد، مہک کھوکھر، اقصیٰ خالد، زین العابدین سہیل، طلحہ ندیم، مومنہ عمران، علیشہ الٰہی، میر ثاقب، ابراہیم شیراز، ماہ نور غالب اور سامر زمان شامل ہیں جبکہ مامون قریشی ٹیم منیجر اور کوچ کی حیثیت سے قومی ٹیم کی قیادت اور رہنمائی کریں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button