
پاکستان اور ایران یک جان دو قالب ہیں، تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں: مسعود پزشکیان
مسعود پزشکیان کا دورۂ پاکستان مکمل، ’پاکستان اور ایران مشترکہ منزل اور مستقبل کے شراکت دار ہیں‘
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔ اس موقعے پر ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
ایرانی صدر نے منگل کی شب اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’پاکستان اور ایران ایک منزل اور مستقبل کے شراکت دار ہیں۔‘
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ’پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات مختلف نوعیت کے حامل ہیں۔ پاکستان اور ایران یک جان دو قالب ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ منزل اور مستقبل کے شراکت دار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان صرف ہمارا ہمسائہ ہی نہیں بلکہ ایک دوست اور برادر ملک ہے۔ ماضی قریب میں ہونے والے واقعات دونوں ممالک کے قریبی رشتے کے عکاس ہیں۔ اسلام آباد اور تہران کے درمیان باہمی احترام اور قریبی اعتماد کا تعلق ہے۔‘
اس موقعے پر وزیراعظم پاکستان نے ایرانی صدر کو مخاطب کر کے کہا کہ ’ آپ کی شخصیت برداشت اور قائدانہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ آج کا دن تاریخی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ مذاکراتی عمل کا پہلا مرحلہ پورا ہوا۔ میری دعا ہے کہ یہ امن اسی طرح سے قائم رہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایران نے پاکستان پر اعتماد کیا جس پر شکر گزار ہوں، بلیسٹک میزائل کے حوالے سے دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔ دنیا کے کئی ممالک کے پاس بلیسٹک میزائل ہیں۔ ایران کو بیلسٹنگ میزائل رکھنے کا حق ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں بیلسٹک میزائلوں کا کوئی ذکر نہیں ہے کیونکہ یہ مسئلہ ان مذاکرات میں کبھی ایجنڈے پر شامل ہی نہیں تھا۔‘
’میں شکریہ ادا کرتا ہوں ایران اور امریکی وفود کا جنہوں نے سویذر لینڈ میں بڑی سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل میں حصہ لیا۔ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیے کے صدر اور امیر قطر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مذاکراتی عمل میں معاونت کی اور مثبت کردار ادا کیا۔‘پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’میں آپ کی دعوت پر آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کروں گا۔ ایران کی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے آؤں گا۔‘
واضح رہے کہ ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
منگل کو اسلام آباد آمد پر ایئر پورٹ پر ایرانی صدر کا استقبال صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔
اس موقعے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں وزراء اور دیگر سینیئر حکام شامل ہیں۔



