پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

یومِ عاشور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا حضرت امام حسینؓ، شہدائے کربلا اور اہلِ بیتؓ کو زبردست خراجِ عقیدت، واقعۂ کربلا کو حق، انصاف اور استقامت کا لازوال پیغام قرار دیا

واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ یا جنگی داستان نہیں بلکہ ایک عظیم روحانی، اخلاقی اور فکری انقلاب کا استعارہ ہے جس نے اسلامی تہذیب کے اخلاقی ضمیر کو نئی زندگی عطا کی

انصار ذاہدسیال.پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں حضرت امام حسینؓ، شہدائے کربلا اور اہلِ بیتِ اطہارؓ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی اسلام، اسلامی اقدار، حق اور انصاف کی سربلندی کے لیے تھی، جبکہ واقعۂ کربلا آج بھی پوری انسانیت کے لیے حق، عدل، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ابدی درس ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کردار میں رسولِ اکرم ﷺ کے حقیقی وارث، اخلاق و ایثار کے پیکر اور انقلابِ خیر کے بانی حضرت امام حسینؓ کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے حق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے رہتی دنیا تک یہ پیغام دیا کہ باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق کی خاطر ہر قربانی دی جا سکتی ہے۔
مریم نواز شریف نے حضرت بی بی زینبؓ کے غیر معمولی صبر، استقامت، حوصلے اور جرأت کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ کربلا کے بعد حضرت بی بی زینبؓ نے جس عزم، وقار اور ثابت قدمی کے ساتھ حق کا پیغام دنیا تک پہنچایا، وہ اسلامی تاریخ کا ایک روشن باب ہے اور ہر دور کی خواتین کے لیے بہترین نمونہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہدائے کربلا اور اہلِ بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ یا جنگی داستان نہیں بلکہ ایک عظیم روحانی، اخلاقی اور فکری انقلاب کا استعارہ ہے جس نے اسلامی تہذیب کے اخلاقی ضمیر کو نئی زندگی عطا کی۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنی بے مثال قربانی کے ذریعے سیاسی اخلاقیات، عدل، دیانت، حق گوئی اور انسانی وقار کا ایسا ابدی منشور پیش کیا جو ہر زمانے کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا نام ہر مظلوم، مجبور اور حق پر قائم رہنے والے انسان کے لیے جرات، شجاعت، عزیمت اور استقامت کی علامت ہے۔ کربلا کا پیغام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ظلم، جبر، ناانصافی اور باطل قوتوں کے سامنے خاموشی اختیار کرنے کے بجائے حق کا ساتھ دینا اور انصاف کے لیے ہر قربانی دینا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ آج کے دور میں امتِ مسلمہ سمیت پوری دنیا کو حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ اگر معاشرے میں انصاف، مساوات، دیانت، برداشت، اخوت اور انسانی احترام کو فروغ دینا ہے تو ہمیں حضرت امام حسینؓ کے اسوۂ مبارک کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں صبر، ایثار، قربانی، اتحاد اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے کردار، اعمال اور اجتماعی رویوں کا جائزہ لینے اور اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ہمیشہ حق، سچائی، انصاف اور انسانیت کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم شہادت قیامت تک مظلوم انسانیت کے لیے امید، حوصلے اور آزادی کی علامت بنی رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتِ اطہارؓ اور شہدائے کربلا کی تعلیمات پر عمل کرنے، حق و انصاف پر قائم رہنے اور وطنِ عزیز پاکستان کو امن، اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button