یورپتازہ ترین

اسپین کو رواں سال 10 کروڑ غیر ملکی سیاحوں کی آمد کی توقع

حکومتی اندازوں کے مطابق رواں موسمِ گرما میں تقریباً 43 ملین بین الاقوامی سیاح اسپین کا رخ کریں گے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہیں۔

روئٹرز کے ساتھ

اسپین کو توقع ہے کہ رواں سال 10 کروڑ غیر ملکی سیاح ملک کا رخ کریں گے، جبکہ موسم گرما کے اہم سیاحتی سیزن میں مشرقِ وسطیٰ کی غیر یقینی صورتحال کے باعث سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

فرانس کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے   والا ملک اسپین گزشتہ سال 96.8 ملین غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کر چکا ہے، جو ایک نیا ریکارڈ تھا اور 2024 کے مقابلے میں 3.2 فیصد زیادہ تھا۔

ہسپانوی حکومت کے مطابق جون سے ستمبر کے دوران سیاحت سے معیشت میں تقریباً 73 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہو گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سیاحت بدستور اسپین کی اقتصادی ترقی کا اہم محرک بنی ہوئی ہے اور اسی کے باعث ملک کی معاشی کارکردگی دیگر یورپی ممالک سے بہتر رہی ہے۔

حکومتی اندازوں کے مطابق رواں موسمِ گرما میں تقریباً 43 ملین بین الاقوامی سیاح اسپین کا رخ کریں گے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہیں۔

اسپین کا پالما بیچ
حکومت کے مطابق یکم اکتوبر تک اسپین آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد تقریباً 8 کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہےتصویر: Lakomski/Jan Huebner/imago images

مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا فائدہ

حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باوجود سیاحوں کی آمد میں اضافہ جاری ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری بدامنی کے باعث متعدد سیاحوں نے اس خطے کے بجائے جنوبی بحیرۂ روم کے ممالک، خصوصاً اسپین، کا رخ کیا ہے۔

وزیرِ سیاحت نے کہا کہ چند ماہ قبل خدشہ تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سیاحتی سرگرمیوں کو متاثر کرے گی، تاہم اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام تر حالات کے باوجود سیاحت نے غیر معمولی استحکام کا مظاہرہ کیا ہے۔

حکومت کے مطابق یکم اکتوبر تک اسپین آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد تقریباً 8 کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے، جو مارچ میں لگائے گئے سرکاری اندازوں سے بھی بہتر ہے۔

ایک سیاح دنیا کے سب سے بلند چرچ فیمیلیا بیسلیکا کی تصویر اتار رہا ہے
مشرقِ وسطیٰ میں جاری بدامنی کے باعث متعدد سیاحوں نے جنوبی بحیرۂ روم کے ممالک، خصوصاً اسپین، کا رخ کیا ہےتصویر: Emilio Morenatti/AP Photo/picture alliance

حکومت کا کہنا ہے کہ اگرچہ ساحلی علاقوں میں روایتی سیاحت میں اضافہ جاری رہے گا، تاہم ملک کے اندرونی اور دیہی علاقوں میں اس سے بھی زیادہ ترقی متوقع ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ اگست میں ہونے والا مکمل سورج گرہن ہے، جو شمالی اور دیہی اسپین کے وسیع علاقوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

وزیرِ سیاحت کے مطابق سورج گرہن میں دلچسپی کے باعث کئی دیہی رہائشی مراکز پہلے ہی مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کو کم معروف اندرونی علاقوں کا رخ کروانے سے ساحلی شہروں میں بڑھتے ہوئے ہجوم اور مقامی آبادی کے احتجاج میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے علاقائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ سیاحت کے بہتر انتظامات کریں کیونکہ مستقبل میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button