آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہمارے جوانوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کی 76ویں سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، ہمارے جوانوں نے ہر آزمائش کی گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ہماری قربانیاں بابائے قوم کے وژن کے مطابق ہیں، ہماری قربانیاں عالمی امن کے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج اقوام متحدہ مشنز میں سے ایک ہے اور پاکستانی فوجیوں کی اقوام متحدہ کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ایک طویل تاریخ ہے، پاکستانی فوجیوں کی اقوام متحدہ کے ساتھ خدمات کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات 1960 میں شروع ہوئیں اور پاکستان نے کانگو میں اقوام متحدہ کے آپریشن میں اپنا پہلا دستہ تعینات کیا۔
پاک فوج کے پیس کیپرز اب تک28 ممالک میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنز میں حصہ لے چکے ہیں، پاک فوج کے پیس کیپرز میں 2 لاکھ سے زائد فوجی جوان شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے پاکستان کے 161 جوان شہید ہوئے، امن مشنز شہدا میں 24 افسران نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔