لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس ظالم حکومت سے نجات کے لیے پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نےمعاشی تباہی اور مہنگائی سے قومی سلامتی کوخطرے میں ڈال دیا ہے، حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لیے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے اپنے پیغام میں حکومت کو مہنگائی پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خورو نوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں، یہ ہے اس حکومت کا احساس اور وعدہ؟ یہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ ہر روز اشیاء کی قیمتیں بڑھتی ہی جا رہی ہیں، مہنگائی میں اضافہ اور سلامتی و قومی اداروں کے بینک اکاﺅنٹس سے متعلق شرائط خطرےکی گھنٹی ہے، معاشی تباہی کی آگ پر مہنگائی تیل کا کام کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ ملک اور قوم کے مسائل کو یہ حکومت حل نہیں کر سکتی، مزید وقت ضائع کرنا ملک اور قوم کے ساتھ سنگین زیادتی ہے، مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری کی سزا ملک اور قوم بھگت رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کو احساس نہیں کہ غریب ہی نہیں سفید پوش طبقہ پس چکا ہے، اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے جس کے لیے اب پاکستان کی معیشت، عوام اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا جبکہ اس ظالم حکومت سے نجات کے لیے پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہو گا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ میری بات سچ ثابت ہوئی، حکومت عوام اور آئی ایم ایف کو دھوکہ دے رہی ہے، بتایا جائے کہ حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے؟ اگر آئی ایم ایف شرائط نہیں مانیں تو پھر مہنگائی کیوں؟ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئیں تو قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے؟
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کے لیے زہر قاتل بن چکی ہے،موجودہ پوری حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے جبکہ مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لیے سنجیدہ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے۔