
برسلز میں سفارت خانہ ءپاکستان کا یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا افتتاح
سفیر پاکستان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جموں و کشمیر تنازعہ کو بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا
سید عاطف ندیم-ادارت
یومِ استحصالِ کشمیر (5 اگست) کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سفارتخانہ پاکستان برسلز میں 31 جولائی 2026 کو ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ نمائش کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
نمائش میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات، بالخصوص 5 اگست 2019 کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، انسانی چیلنجز اور جاری پابندیوں کو تصاویر اور دستاویزی مواد کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
اس نمائش کا مقصد سفارت خانے میں آنے والے افراد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا اور جموں و کشمیر تنازعہ کے پُرامن اور مستقل حل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، جو متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہو۔
نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان برائے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین، رحیم حیات قریشی نے یومِ استحصالِ کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقوق کی یاد دہانی کا دن قرار دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی جانب سے اصولی اور مسلسل حمایت کا اعادہ کیا، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جموں و کشمیر تنازعہ کو بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور تنازعہ کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔
یہ تصویری نمائش سفارتخانہ پاکستان برسلز میں ایک ہفتے تک جاری رہے گی، جو کشمیری عوام کی استقامت اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کی عکاس ہے۔



