
سید عاطف ندیم-ادارت
سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یکم اگست 2026 کو آپریشن کے دوران مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع میانوالی کے رہائشی34سالہ میجر حافظ احسان الٰہی نے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔



