پاکستاناہم خبریں

پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ نمازِ فجر کے بعد ملک میں امن، اتحاد، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

سید عاطف ندیم-ادارت

یہ وطن ہماری پہچان، ہماری شان اور ہماری جان ہے یہ مٹی ہماری آزادی اور قربانیوں کی داستان ہے، اور یہ پرچم ہمارے وقار، امید اور اتحاد کی علامت ہے۔ آئیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان زندہ باد! یومِ آزادی مبارک

اسلام آباد : پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی آج  قومی جذبے، جوش و خروش اور روایتی انداز میں منایا جا رہا ہے، جبکہ ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ نمازِ فجر کے بعد ملک میں امن، اتحاد، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز مزارِ قائد کراچی اور مزارِ اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقاریب سے بھی ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ خصوصی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری قومی پرچم لہرائیں گے، جبکہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی پرچم کشائی کی مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں، بازاروں اور اہم مقامات کو قومی پرچموں، سبز ہلالی جھنڈیوں، جھنڈیوں کی لڑیاں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے، جس سے شہروں میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا ہے۔

یومِ آزادی کی مناسبت سے سیمینارز، نمائشوں، ثقافتی پروگرامز اور دیگر مختلف تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تحریکِ پاکستان کے دوران جدوجہد کرنے والے رہنماؤں اور بزرگوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی یومِ آزادی کے موقع پر قومی نغمہ ’’میرا پیارا وطن پاکستان‘‘ جاری کیا گیا ہے، جس میں وطن سے محبت، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کر رہے ہیں، جن میں تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور قومی ہیروز کی جدوجہد، خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے قیامِ پاکستان میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔

مظفرآباد میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، جبکہ نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی، امن، قومی یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button