
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کا اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا دورہ، سپیکر ملک محمد احمد خاں سے ملاقات
پارلیمانی روابط میں اضافے اور وفود کے باقاعدہ تبادلوں سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ ملے گا، سپیکر ملک محمد احمد خاں
سید عاطف ندیم-ادارت
بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بنگلہ دیشی سپیکر اور ان کے وفد کا پنجاب اسمبلی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ کے ذریعے پاکستان اور بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے اراکین میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے وزارتِ خارجہ و رکن پارلیمنٹ جہرات ادیب چودھری، اراکین پارلیمنٹ ہمام قادر چودھری، محمد نذیب الرحمٰن، نیلوفر چودھری مونی اور ناصر الرحمٰن سمیت ڈائریکٹر (SA-2) بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ، ڈھاکہ زکریا بن امجد اور سپیکر کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری محمد اکبر حسین شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ بنگلہ دیشی سپیکر اور پارلیمانی وفد کی آمد پاکستان اور بنگلہ دیش کے پارلیمانی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں منسلک ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ پارلیمانی روابط میں اضافے اور پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ ملے گا۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینا ضروری ہے جبکہ مضبوط ادارہ جاتی روابط دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بنگلہ دیشی وفد کو پنجاب اسمبلی کے تاریخی ایوان کا دورہ کرایا اور پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی امور کے طریقہ کار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پاکستان آمد پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان سے وابستہ اپنی خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دورے سے ماضی کی حسین یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔ بنگلہ دیشی سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور پارلیمانوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی قیادت اور عوام دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا اقبال خاں، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، اراکین صوبائی اسمبلی احمد اقبال، ملک احمد سعید، رانا ارشد، سارا احمد سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب بھی موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بنگلہ دیشی سپیکر کو تحائف پیش کیے ۔



