تازہ ترینصحت

وزیراعظم کی این آئی ایچ کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو اپنی خدمات مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ بیماریوں کی نگرانی، عوامی صحت، طبی تحقیق، ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو اپنی خدمات مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو بورڈ آف گورنرز کی جانب سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو درپیش ادارہ جاتی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ادارے کے طویل المدتی قانونی، انتظامی اور دیگر مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں بیماریوں کی مؤثر نگرانی، بروقت معلومات کے تبادلے اور مربوط اقدامات کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں این آئی ایچ کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button