
گاندھی کے ذاتی تحریری نوٹس کی ریکارڈ 17 لاکھ ڈالر میں نیلامی
نیلامی میں گاندھی کی چرخی، چرخی کاتنے کے نظم و ضبط سے متعلق تحریریں، مسودات، خطوط اور تصاویر سمیت دیگر ذاتی اشیا بھی شامل تھیں۔
سیرت چابا
مبصرین کے مطابق یہ کسی بھارتی تاریخی دستاویز کے لیے نیلامی میں ادا کی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔

نیلام گھر سیفرون آرٹ کے مطابق یہ نوٹس گاندھی نے اپنے قریبی ساتھی آنند ہنگورانی کے نام 1944 سے 1946 کے درمیان لکھے تھے۔ ہنگورانی کی اہلیہ ودیا کے انتقال کے بعد لکھے گئے، ان نوٹس میں سچ، خدا اور عدم تشدد سمیت ان موضوعات پر گاندھی کے ذاتی خیالات شامل ہیں، جنہیں وہ اپنی عوامی جدوجہد میں بھی نمایاں کرتے تھے۔
بعد ازاں ان تحریروں کو ”اے تھاٹ فار دا ڈے‘‘ کے عنوان سے کتابی شکل بھی دی گئی تھی۔
یہ مجموعہ ہنگورانی کے خاندان نے کئی دہائیوں تک محفوظ رکھا۔ نیلامی میں گاندھی کی چرخی، چرخی کاتنے کے نظم و ضبط سے متعلق تحریریں، مسودات، خطوط اور تصاویر سمیت دیگر ذاتی اشیا بھی شامل تھیں۔
آنند ہنگورانی کی گاندھی سے پہلی ملاقات 1930 میں ہوئی تھی۔ بعد میں وہ برطانوی راج کے خلاف گاندھی کی مشہور نمک مارچ مہم میں بھی ان کے ساتھ شریک ہوئے۔
سیفرون آرٹ کے شریک بانی دنیش وزیرانی کے مطابق،”اس مجموعے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے بھارت کی تاریخ کی ایک اہم ترین شخصیت کو ایک قریبی اور ذاتی تعلق کی نظر سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔‘‘
گاندھی نے برطانوی راج سے آزادی کے لیے بھارت کی پُرامن اور عدم تشدد پر مبنی تحریک کی قیادتکی اور دنیا بھر میں کئی تحریکوں کو متاثر کیا۔ انہیں جنوری 1948 میں قتل کر دیا گیا تھا۔




