پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

چاغی اور پشین میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار شہید

کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کی قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا تھا۔

سید عاطف ندیم-ادارت
سکیورٹی فورسز کی 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور پشین کے علاقے زیارت کراس میں مؤثر کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر مسافروں کی پُرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے اور بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کاکہناہےکہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کی قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملک کے 6 بہادر سپوت بھی شہید ہوئے، جن میں 2 افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق ملک میں جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری عزم و استقامت کے ساتھ جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button