
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے فرانسیسی سیکریٹری جنرل کی ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پوئریئر کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
فرانسیسی سیکریٹری جنرل نکولس روش نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے میں فرانس کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور فرانس کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر اعلیٰ سطحی رابطے جاری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے ادارہ جاتی طریقۂ کار کے تحت بھی باہمی مشاورت جاری ہے، جس میں علاقائی سیکیورٹی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور دیگر مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز پر بات چیت شامل ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



