
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پاکستان کا چپہ چپہ گھوم رہے ہیں، لیکن اپنے صوبے میں کارکردگی صفر ہے: عظمیٰ بخاری
کوہاٹ میں دہشت گردی کے واقعہ پر صوبائی حکومت کی بے حسی افسوسناک ہے، کسی نے تعزیت تک نہیں کی،امن و امان پر توجہ دینے کے بجائے کرپشن سے آلودہ بڑے ملزم کو چھڑانے پر زور ہے: وزیر اطلاعات پنجاب
سید عاطف ندیم-ادارت
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے سنگین واقعات ہو رہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی توجہ امن و امان کے بجائے سیاسی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔ کوہاٹ میں دہشت گردی کے واقعہ پر کسی صوبائی عہدیدار کا نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا دور ہے، اس لیے شاید وہاں سے خبریں دیر سے آتی اور پہنچتی ہیں، لیکن دہشت گردی کے واقعات سب کے سامنے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ امن و امان پر توجہ دیں اور سی ٹی ڈی جیسے اداروں کو مضبوط بنائیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آفریدی صاحب پورے پاکستان کا چپہ چپہ گھوم رہے ہیں، لیکن کارکردگی صفر ہے۔ نیب نے اربوں روپے کے گھپلوں کی نشاندہی کی تو سب کو سانپ سونگھ گیا۔ زور صرف اس بات پر ہے کہ کرپشن سے آلودہ بڑے ملزم کو چھڑایا جائے۔ اگر کسی ملزم کو چھڑانا ہے تو عدالت سے رجوع کریں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک جماعت نے ہمیشہ انتشار کی سیاست کی ہے اور اب بھی ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دارالخلافہ پر چڑھائی کا سوچا جا رہا ہے، سوال یہ ہے کہ جو تیاری کی جا رہی ہے کیا وہ واقعی پرامن احتجاج کی ہے؟ بچوں کے ہاتھوں میں کیلوں والے ڈنڈے اچھے نہیں لگتے۔ ریاست شرپسندوں سے اچھی طرح نمٹنا جانتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ہر شعبے میں سرِفہرست ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہیں اور عوام کی پہنچ سے دور ہیں، اس لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی طرف آنا چاہیے۔ پنجاب بھر میں بلا تفریق الیکٹرک بسیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ خواتین، بزرگوں اور طالب علموں کو مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سموگ پر بھی مؤثر کنٹرول حاصل کیا ہے اور کسانوں کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 10 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملتان میں کینسر ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے جہاں تمام مریضوں کا بلا تفریق علاج کیا جائے گا۔ جو لوگ اپنے علاقوں سے علاج کے لیے لاہور آتے تھے، اب ان کے شہر کے قریب ہی جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں جدید مشینری لائی جا رہی ہے اور غریب مریض کو کسی سرکاری ہسپتال میں علاج سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت پنجاب عوام کو صحت، سفری سہولیات اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کچھ ایسے لوگ اور ایک جماعت خوفِ خدا سے عاری ہیں، جنہیں عوامی مسائل کے بجائے انتشار اور سیاسی محاذ آرائی کی فکر ہے۔ پنجاب حکومت کا فوکس عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی پر ہے۔



