
مریم نواز نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کے لیے یو این ہیبی ٹیٹ ایوارڈ وصول کر لیا
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے پر یو این ہیبی ٹیٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی
انصار ذاہد سیال-پاکستان
مسقط: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے لیے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کر لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ پیش کیا گیا۔ ایوارڈ وصول کرنے کے لیے انہیں خصوصی طور پر سٹیٹ گیسٹ کے طور پر مسقط مدعو کیا گیا تھا۔ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں یونائیٹڈ نیشنز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام اینا کلاڈیا روسباخ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایوارڈ وصول کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی سکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے پر یو این ہیبی ٹیٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہیں ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دیگر شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام سے متعلق نمایاں بین الاقوامی اعزاز ہے۔ یہ ایوارڈ سستی اور مناسب رہائش، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، بہتر شہری ترقی و تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی کے لیے نمایاں کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔اقوام متحدہ کے تحت 37 سال سے جاری اس ایوارڈ کے تحت 200 نجی و سرکاری اداروں کو سکرول آف آنر ایوارڈ دیے جا چکے ہیں۔پاکستان نے 2007 میں یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تھا۔



