
ناصر خان خٹک-ادارت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا اور اس منصوبے کو دانش آئی ٹی پارک کا نام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے ساتھ لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم، تربیت اور ترقی کے مواقع فراہم کرے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں مہارت ہی اصل طاقت ہے۔ آئی ٹی پارک محض ایک عمارت نہیں بلکہ ٹیکنالوجی، جدت اور مہارت کا امتزاج ہے۔ جدید خطوط پر استوار یہ منصوبہ نوجوانوں کے لیے تعلیم، تربیت، جدت اور کاروباری مواقع کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے مختلف شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل میں وزارتِ آئی ٹی، متعلقہ اداروں اور تمام شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک کو دانش آئی ٹی پارک کا نام دینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کی طرح یہ منصوبہ بھی ایک تناور درخت بنے گا، جس سے لاکھوں نوجوان مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور محنت کی گئی۔ یہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ مکمل ڈیجیٹل، کاروباری اور ٹیکنالوجی ایکو سسٹم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل سہولتوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کا مقصد ہے۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سونگ ہو نے کہا کہ جنوبی کوریا اور پاکستان مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے ثمرات سب تک پہنچنے چاہییں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ آئی ٹی پارک پاکستان کے ڈیجیٹل منظرنامے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر نے کہا کہ وزیراعظم کا ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا وژن اب قومی عزم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ڈیجیٹل معیشت تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کی بنیاد جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور نوجوانوں کی مہارتوں پر ہو۔



