آریان خان منشیات کیس میں ایک اور نیا موڑ آ گیا
بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کے منشیات اسمگلنگ سے متعلق کیس میں ایک کے بعد ایک نیا موڑ سامنے آ رہا ہے۔
بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کے منشیات اسمگلنگ سے متعلق کیس میں ایک کے بعد ایک نیا موڑ سامنے آ رہا ہے۔
ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے ممبئی سے تعلق رکھنے والے رہنما موہت کمبوج نے الزام عائد کیا ہے کہ آریان خان کے منشیات کیس میں ایک جھوٹا نقطہ نظر تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
موہت کمبوج کا کہنا ہے کہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے کچھ وزراء آریان خان کے کیس میں شاہ رخ خان اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) سے رقم بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں بی جے پی رہنما کا کہنا تھا کہ سنیل پٹیل جو کہ مہاراشٹرا کے سابق وزیر داخلہ انیل دیش مکھ کے بہت قریبی ساتھی ہیں، اس سازش کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔
موہت کمبوج کا کہنا تھا کہ سنیل پٹیل سیم ڈی سوزا کو یکم اکتوبر کو واٹس ایپ پر ایک میسج کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس کروز شپ پر منشیات استعمال کرنے کے لیے جانے والے 27 افراد کے حوالے سے اطلاعات ہیں، پھر سنیل پٹیل نے سیم ڈی سوزا سے کہا کہ ان کا نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) میں کسی سے رابطہ کر وا دیں۔
بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ سیم ڈی سوزا نے انسداد منشیات ایجنسی میں وی وی سنگھ نامی افسر سے رابطہ کیا اور پھر انہیں معاملے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
اس حوالے سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما نواب ملک نے بی جے پی رہنما کے الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان حقیقت پر پردہ ڈالنے اور کیس کا رخ دوسری جانب موڑنے کی ناکام کوشش ہے، اس حقیقت سے جلد پردہ اٹھاؤں گا۔