اسلام آباد : سپریم کورٹ میں طلبی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان سے سانحہ آرمی پبلک ا سکول ازخود نوٹس کیس پر بریفنگ لی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں طلبی کے بعد وزیراعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کی ملاقات ہوئی ، جس میں اٹارنی جنرل نے سانحہ آرمی پبلک ا سکول ازخود نوٹس کیس پروزیراعظم کو بریفنگ دی۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی سپریم کورٹ میں ممکنہ آمد کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور پولیس کی اضافی نفری سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔
ایس ایس پی سیکیورٹی اسلام آباد اور وزیراعظم کا سیکیورٹی اسٹاف بھی سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل عملےنےسپریم کورٹ عمارت کیساتھ سرچنگ شروع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سپریم کورٹ کے احترام میں پیش ہو رہے ہیں۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں وزیراعظم عمران خان کو آج ہی طلب کیا ہے ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا وزیراعظم نے عدالتی حکم پڑھا ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا وزیراعظم کو عدالتی حکم نہیں بھیجا تھا، وزیراعظم کو عدالتی حکم سے آگاہ کروں گا، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا اٹارنی جنرل صاحب یہ سنجیدگی کا عالم ہے؟ وزیراعظم کو بلائیں ان سے خود بات کریں گے ، ایسے نہیں چلے گا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ سب سے نازک اورآسان ہدف اسکول کےبچے تھے، ممکن نہیں دہشت گردوں کواندر سے سپورٹ نہ ملی ہو جبکہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بچوں کو ایسے مرنے نہیں دے سکتے۔