
راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کی پراسرار موت کا معمہ، شوہر کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل، پولی گراف ٹیسٹ مکمل؛ ملزم کا مذاق میں گولی چلنے کا دعویٰ، پولیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کا مؤقف ہے کہ اُس نے پستول میں گولی نہ ہونے کے یقین پر ربیعہ احسن کی جانب نشانہ لگا کر مبینہ طور پر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، جس سے گولی چل گئی۔
سید عاطف ندیم-ادارت
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی موت کے مقدمے کی تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم کے موبائل فونز کا ابتدائی تجزیہ مکمل کر لیا ہے۔
کو تفتیشی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم احسن طاہر اور متوفیہ ربیعہ احسن کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے جس سے پولیس کو میاں بیوی کے درمیان اب تک کسی قسم کے لڑائی جھگڑے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
تفتیشی ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم احسن طاہر نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو آگاہ کیا ہے کہ اُس نے قریباً چھ ماہ قبل ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا، جس کے بعد پستول اور لوڈڈ میگزین کو الگ الگ جگہوں پر رکھا گیا تھا۔
ملزم کے بیان کے مطابق چھ ماہ قبل پستول سے میگزین نکالتے وقت ممکنہ طور پر ایک گولی چیمبر میں رہ گئی تھی۔ واقعے کے روز الماری سے کپڑے نکالتے وقت جب پستول ہاتھ میں آیا تو اِس میں میگزین موجود نہیں تھا، جس کے باعث ملزم کو یہ گمان ہوا کہ پستول خالی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کا مؤقف ہے کہ اُس نے پستول میں گولی نہ ہونے کے یقین پر ربیعہ احسن کی جانب نشانہ لگا کر مبینہ طور پر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، جس سے گولی چل گئی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے بیان دیا ہے کہ گولی لگنے کے بعد ربیعہ احسن زمین پر گر گئیں اور خون بہنے لگا، جس پر اُس نے پریشانی کی حالت میں ریسکیو 1122 کو کال کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر اُن کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے اِس بیان اور واقعے کی دیگر تفصیلات کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد، حالات و واقعات اور بیانات کا تکنیکی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے ملزم احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی مکمل کر لیا ہے۔
ملزم احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ لاہور کی پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی (لیبارٹری) میں کیا گیا، جو دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہا۔
ٹیسٹ کے دوران ملزم سے وقوعہ سے متعلق تفصیلی سوالات کیے گئے، جن میں پستول کی الماری میں موجودگی اور گولی چلنے کے واقعے سے جڑے پہلو بھی شامل تھے۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ سوالات کے جوابات دیتے وقت ملزم کے دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور دیگر جسمانی تبدیلیوں کو سائنسی بنیادوں پر نوٹ کیا گیا۔ ملزم کے جوابات اور جسمانی کیفیات پر مبنی اِس ٹیسٹ کے حتمی نتائج آئندہ چند روز میں مرتب کر لیے جائیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ کی روشنی میں ملزم کے ابتدائی بیانات کے سچ یا جھوٹ ہونے کا تعین کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ واقعہ کے حقائق جاننے کے لیے دیگر تکنیکی پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہیں۔
ملزم 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں
مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں راولپنڈی کی ایک مقامی عدالت نے 10 نومبر کو زیرِ حراست ملزم احسن طاہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع منظور کی تھی۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ ملزم کو 14 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے اور اِس دوران تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ ملزم کو اِس سے قبل ابتدائی ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔
مقدمہ واپس لینے کی خبروں کی تردید
دوسری جانب راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے مقدمہ کے مدعی کی جانب سے کیس واپس لیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پولیس کو درخواست گزار کی طرف سے مقدمہ واپس لینے کے حوالے سے کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی۔ ترجمان کے مطابق کیس کی تفتیش تمام قانونی تقاضوں کے مطابق میرٹ پر جاری ہے۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب یہ معاملہ عدالت میں ہے اور مقدمے کے مستقبل کا فیصلہ عدالتی کارروائی کے ذریعے ہی ہو گا۔
کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن اپنے گھر کے کمرے میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق وقوعہ کے وقت ربیعہ احسن کی والدہ اور بہن گھر میں موجود تھیں، جو فائرنگ کی آواز سن کر کمرے کی طرف پہنچیں تو وہ خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں جبکہ اُن کے شوہر احسن طاہر پستول تھامے قریب ہی کھڑے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے احسن طاہر کو حراست میں لے لیا تھا اور جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کیا تھا۔ پولیس اور فارنزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق زیرِ حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران مؤقف اختیار کیا تھا کہ پستول اُن کے ہاتھ میں تھا اور اچانک گولی چل گئی، جب کہ اِنہیں معلوم نہیں تھا کہ اسلحہ لوڈڈ ہے، تاہم پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
بعد ازاں ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں متوفیہ کے شوہر احسن طاہر کو نامزد کیا گیا ہے۔



