
قیصر مغل-ادارت
پاکستان کے معدنی شعبے میں اہم پیش رفت ، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی عالمی مائننگ اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش کا معاہدہ طے پا گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدے کے تحت آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش اور معدنی وسائل کی استعداد کا جائزہ لیں گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم سے بیرک کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن اور کمپنی کی سینئر قیادت نے بھی ملاقات کی۔ جان تھورنٹن نے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات پاکستان کے ساتھ کمپنی کے مسلسل روابط کی عکاس ہے۔
علی پرویز ملک سے برطانیہ کی مائننگ و انجینئرنگ کمپنی وئیر کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو نیلسن نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر اینڈریو نیلسن نے کہا کہ وئیر پاکستان میں ریکوڈک کے ساتھ ساتھ دیگر معدنی منصوبوں میں بھی اپنی شمولیت بڑھانے کی خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم سے عالمی کمپنی ٹریفگورا کے ہیڈ آف میٹلز اینڈ منرلز (مینا) ابراہیم الجزار کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں کمپنی نے پاکستان کے زنک اور بیرایٹ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ٹریفگورا نے پاکستان میں ایل پی جی، بانڈڈ اسٹوریج اور ریفائنری کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے ترکیہ کی کمپنی چالک ہولڈنگ کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ آکسوئے سے بھی ملاقات کی، جبکہ آئیون ہو مائنز کے وفد سے ملاقات بھی ہوئی جس کی قیادت رابرٹ فریڈلینڈ نے کی۔
اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ عالمی کمپنیوں کی دلچسپی پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کی عکاس ہے۔



