
معاف کر دینے کا ہنر…….علی عباس کاظمی
دوسرا اس سے زیادہ سخت جواب دیتا ہے، پھر پرانے حساب کھلتے ہیں اور چند منٹ کی بحث برسوں کے زخم تازہ کر دیتی ہے
گھر بظاہر اینٹوں، دیواروں، دروازوں اور چھت کا نام ہے، مگر حقیقت میں گھر دو انسانوں کے مزاج، برداشت، محبت اور رویوں سے بنتا ہے۔ ایک ہی چھت کے نیچے رہنے والے دو افراد اگر ایک دوسرے کے لیے سکون کا سبب بن جائیں تو معمولی سا مکان بھی جنت کا احساس دینے لگتا ہے، لیکن اگر ہر گفتگو انا کی جنگ بن جائے تو وسیع و عریض گھر بھی گھٹن کا پنجرہ محسوس ہونے لگتا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں ازدواجی زندگی کے جھگڑوں کو اکثر معمولی گھریلو معاملہ سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے، حالانکہ میاں بیوی کے درمیان مسلسل کشیدگی صرف دو افراد کو متاثر نہیں کرتی بلکہ پورے خاندان کی ذہنی فضا بدل دیتی ہے۔شادی کے ابتدائی دنوں میں اختلافات کو اکثر مزاجوں کی ناہمواری کہا جاتا ہے، چند سال بعد انہیں عادت سمجھ لیا جاتا ہے اور عمر گزرنے کے بعد یہی تلخیاں زندگی کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔ کبھی شوہر سمجھتا ہے کہ اس کی بات مان لینا بیوی کی ذمہ داری ہے اور کبھی بیوی اس خیال میں مبتلا ہوتی ہے کہ ہر معاملے میں آخری فیصلہ اسی کا ہونا چاہیے۔ یوں رشتہ محبت اور شراکت سے نکل کر اختیار اور برتری کی کشمکش بن جاتا ہے۔ حیرت یہ ہے کہ دونوں اپنے آپ کو مظلوم اور دوسرے کو قصوروار سمجھتے رہتے ہیں۔ کیا یہ ممکن نہیں کہ دو انسان ایک ہی واقعے کو مختلف زاویوں سے دیکھ سکتے ہوں اور دونوں اپنی جگہ کچھ درست بھی ہوں؟
اصل خرابی اختلاف میں نہیں، اختلاف کو سنبھالنے کے طریقے میں ہے۔ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جہاں رائے، مزاج، خواہش یا ترجیحات کا اختلاف نہ ہو۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب اختلاف شخصیت پر حملہ بن جائے۔ ایک جملہ دوسرے کو چبھتا ہے، دوسرا اس سے زیادہ سخت جواب دیتا ہے، پھر پرانے حساب کھلتے ہیں اور چند منٹ کی بحث برسوں کے زخم تازہ کر دیتی ہے۔ انسان عجیب مخلوق ہے، اسے دوسرے کی دس اچھی باتیں یاد نہیں رہتیں مگر ایک تلخ جملہ پوری زندگی یاد رہتا ہے۔ یہی رویہ رشتوں میں ایسی دراڑیں پیدا کرتا ہے جنہیں بعد میں محبت بھی آسانی سے نہیں بھر پاتی۔قرآن مجید انسانی تعلقات کے اسی پیچیدہ پہلو کی طرف نہایت گہری رہنمائی کرتا ہے۔ سورہ التغابن میں شریک حیات اور اولاد کو آزمائش قرار دیتے ہوئے معافی، درگزر اور بخشش کی تلقین کی گئی ہے۔ اس ہدایت میں انسانی نفسیات کا ایک بڑا سبق پوشیدہ ہے۔ ہر غلطی کا جواب دینا ضروری نہیں، ہر بات کا حساب لینا ضروری نہیں اور ہر اختلاف کو فیصلہ کن جنگ بنانا بھی ضروری نہیں۔ بعض اوقات رشتہ بچانے کے لیے اپنی انا کو پیچھے ہٹانا پڑتا ہے۔ معاف کرنا شکست نہیں، بلکہ یہ اعتراف ہے کہ انسان رشتے کو اپنی وقتی فتح سے زیادہ اہم سمجھتا ہے۔
لیکن ہمارے معاشرے میں معافی کو کمزوری سمجھنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ شوہر کہتا ہے کہ اگر میں جھک گیا تو میری حیثیت ختم ہو جائے گی، بیوی سوچتی ہے کہ اگر میں نے پہل کر دی تو سامنے والا اسے اپنی جیت سمجھے گا۔ یوں دو محبت کرنے والے انسان صرف اس خوف میں خاموش رہتے ہیں کہ کہیں دوسرا انہیں کمزور نہ سمجھ لے۔ یہ انا کی وہ قیمت ہے جو اکثر پوری زندگی ادا کرنی پڑتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ رشتوں میں ہر بحث جیتنے والا شخص ضروری نہیں کہ زندگی میں بھی جیت رہا ہو۔ کبھی کبھی بحث جیت کر انسان اپنا ہی گھر ہار جاتا ہے۔گھریلو سکون صرف خاموشی کا نام بھی نہیں۔ ایسا گھر جہاں ایک فریق خوف، دباؤ یا مجبوری کے باعث ہر بات پر خاموش رہے، اسے حقیقی سکون نہیں کہا جا سکتا۔ خاموشی اگر احترام سے پیدا ہو تو خوب صورت ہے، لیکن اگر خوف سے پیدا ہو تو اندر ہی اندر فاصلے بڑھاتی ہے۔ صحت مند ازدواجی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ دونوں اپنی بات کہہ سکیں، ایک دوسرے کو سن سکیں اور اختلاف کے باوجود عزت برقرار رکھ سکیں۔ باہمی احترام محبت سے بھی زیادہ بنیادی چیز ہے، کیونکہ محبت کبھی شدید جذبات کی صورت اختیار کر سکتی ہے، مگر احترام انسان کو غصے کے لمحے میں بھی حد پار کرنے سے روکتا ہے۔
گھر کی بے سکونی کا اثر صرف میاں بیوی تک محدود نہیں رہتا۔ بچے الفاظ سے زیادہ ماحول سے تربیت پاتے ہیں۔ اگر وہ روزانہ چیخ و پکار، طعنوں، شکایتوں اور تحقیر کے مناظر دیکھیں گے تو ان کے ذہن میں رشتوں کا تصور بھی اسی رنگ میں تشکیل پائے گا۔ پھر ہم حیران ہوتے ہیں کہ نئی نسل میں برداشت کیوں کم ہو رہی ہے۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ بچے وہی سیکھتے ہیں جو وہ اپنے گھر میں دیکھتے ہیں۔ والدین اگر اختلاف کے باوجود تہذیب سے بات کرنا سیکھ لیں تو وہ اپنی اولاد کو کسی نصابی کتاب سے زیادہ قیمتی سبق دے سکتے ہیں۔رزق اور برکت کے بارے میں بھی ہمارے معاشرے میں ایک گہرا تصور پایا جاتا ہے۔ گھر کی مسلسل کشیدگی انسان کی توجہ، محنت، فیصلہ سازی اور ذہنی سکون کو متاثر کرتی ہے۔ جس شخص کا ذہن ہر وقت گھریلو تنازع میں الجھا رہے، وہ اپنی صلاحیتیں پوری طرح استعمال کیسے کرے گا؟ برکت کو صرف رقم کی مقدار سے ناپنا بھی درست نہیں۔ کبھی آمدن مناسب ہوتی ہے مگر سکون نہیں ہوتا، کبھی وسائل محدود ہوتے ہیں مگر گھر میں اطمینان، محبت اور باہمی تعاون زندگی کو آسودہ بنا دیتے ہیں۔ شاید یہی وہ مقام ہے جہاں ہمیں رزق کے ساتھ برکت کا فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔
قرآن کی ایک خوب صورت دعا میں شریک حیات اور اولاد کو آنکھوں کی ٹھنڈک بنانے کی التجا سکھائی گئی ہے۔ اس دعا میں ایک پورا خاندانی فلسفہ پوشیدہ ہے۔ ہم عموماً گھر سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ دوسرے ہمیں خوش رکھیں، ہماری ضروریات سمجھیں اور ہماری خواہشات پوری کریں، مگر شاید ہمیں کبھی یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ہم خود اپنے شریک حیات اور اپنی اولاد کے لیے کس قدر سکون کا باعث ہیں۔ ہم محبت چاہتے ہیں مگر محبت دیتے کتنی ہیں؟ عزت کی توقع رکھتے ہیں مگر دوسرے کی عزت کتنی محفوظ رکھتے ہیں؟ ہم برداشت چاہتے ہیں مگر خود کتنی برداشت کرتے ہیں؟گھر کو پرسکون بنانے کے لیے کسی جادوئی نسخے کی ضرورت نہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کو حریف نہیں، شریک سمجھیں۔ غلطی پر بات ہو مگر انسان کی تذلیل نہ ہو۔ اختلاف ہو مگر کردار کشی نہ ہو۔ غصہ آئے تو کچھ دیر خاموشی اختیار کی جائے مگر خاموشی کو سزا نہ بنایا جائے۔ پرانی لغزشوں کو ہر نئے جھگڑے میں عدالت کا ثبوت بنا کر پیش نہ کیا جائے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ دونوں کبھی کبھار اپنے گریبان میں بھی جھانکیں۔
گھر وہ جگہ نہیں جہاں کبھی اختلاف نہ ہو، بلکہ وہ جگہ ہے جہاں اختلاف محبت کو شکست نہ دے۔ دو انسان جب یہ سمجھ لیتے ہیں کہ زندگی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا مقابلہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کا سہارا بننے کا سفر ہے تو بہت سی تلخیاں خود بخود کم ہونے لگتی ہیں۔ ہمارے گھروں کو سب سے زیادہ نئے فرنیچر، بڑے مکان یا زیادہ آمدن کی نہیں، ایک دوسرے کو معاف کرنے والے دلوں کی ضرورت ہے۔ کیونکہ گھر کی اصل رونق دیواروں سے نہیں، ان دلوں سے پیدا ہوتی ہے جو ایک دوسرے کے لیے جگہ بنانا جانتے ہوں۔ سوال صرف یہ ہے کہ ہم اپنے گھر میں سکون ڈھونڈ رہے ہیں یا اپنی انا کی جیت؟


