پیر مشتاق رضویکالمز

نئے صوبوں کا شور اور ریفرنڈم کی تیاری ۔۔…. پیر مشتاق رضوی

اگر ہم تین بڑی جماعتوں کے مؤقف اور پالیسی کا جائزہ لیں تو تصویر کافی حد تک واضح ہو جاتی ہے۔سب سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کی بات کرتے ہیں۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

اس وقت ملک کی سیاسی فضا میں سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع نئے صوبوں کا قیام ہے۔ صدر اور وزیراعظم کی حالیہ ملاقاتوں اور بلوچستان اسمبلی میں متوقع قراردادنے نئے صوبوں کی بحث کو ایک بار پھر گرم کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ماڈل ٹاؤن لاہور میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نوابشاہ دورے کے دو روز بعد ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ملاقات میں ملک بھر میں مزید صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کے آئینی اور قانونی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ایک رپورٹ کے مطابق تجویز یہ ہے کہ پنجاب کو چار، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کو تین تین جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کیا جائے۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حکومت نے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کے طریقہ کار پر اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، جس کے تحت قومی اہمیت کے معاملے پر صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری لے کر ریفرنڈم کرا سکتے ہیں۔ اور اگر مشترکہ اجلاس میں اکثریت نہ مل سکی تو وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہےجبکہ ملک بھر میں ریفرنڈم کی بھی تیاری کی جارہی ہے اور پاکستانیوں کے لیے یہ آخری موقع ہے، ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے کہ وہ اپنی رائے دے۔ ذرائع کے مطابق کہ 28 ویں ترمیم کا تعلق شاہد عمران خان سے ملاقاتوں اور چھوٹے صوبوں کی تشکیل سے جوڑا جا رہا ہے، اور سندھ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے نہ ماننے کے بعد پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے لیے عمران خان سے تعاون مانگا جا سکتا ہے۔یہ تمام دعوے تاحال ذرائع سے ہیں، حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔نئے صوبوں کا معاملہ جب بھی اٹھتا ہے تو اسے ایک انتظامی ضرورت سے زیادہ ایک سیاسی کارڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور بدقسمتی سے یہی وجہ ہے کہ آج تک پاکستان میں کوئی نیا صوبہ نہیں بن سکا۔ اگر ہم تین بڑی جماعتوں کے مؤقف اور پالیسی کا جائزہ لیں تو تصویر کافی حد تک واضح ہو جاتی ہے۔سب سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کی بات کرتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کا مؤقف ہمیشہ سے دوہرا رہاہے نظریاتی طور پر پاکستان مسلم لیگ ن بہاولپور صوبے کی بحالی کی حامی رہی ہے کیونکہ بہاولپور ایک سابق ریاست تھی اور وہاں کے عوام کی ایک تاریخی شناخت ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے ن لیگ کہتی ہے کہ صرف انتظامی بنیادوں پر صوبہ بننا چاہیے لسانی بنیاد پر نہیں۔ عملی طور پر 2013ء میں مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے لیے کمیشن بنایا تھا لیکن اس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا۔ آج کی حکومت جو خود مسلم لیگ ن کی ہے وہ اگر ریفرنڈم کی بات کر رہی ہے تو اس کا مقصد دراصل ایک آئینی راستہ نکالنا ہے تاکہ اسے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف دونوں کی حمایت حاصل کرنی پڑے، کیونکہ آئین میں ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت کے بغیر نیا صوبہ بن ہی نہیں سکتا۔ اسی لیے اب ذرائع سے یہ خبریں آ رہی ہیں کہ حمزہ شہباز کو اس حوالے س ایک خاص ذمہ داری دی گئی ہے۔دوسری بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف سب سے زیادہ واضح اور ساتھ ہی سب سے زیادہ سخت بھی ہے۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبے کی کھل کر حمایت کرتی ہے اور اسے سرائیکی عوام کا حق کہتی ہے، بلکہ 2012ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے لیے پارلیمنٹ سے قرارداد بھی منظور کرائی تھی۔ لیکن جہاں تک سندھ کی تقسیم کا تعلق ہے تو پیپلز پارٹی اس کی شدید مخالف ہے۔ پیپلز پارٹی کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ سندھ میں کسی نئے صوبے کی کوئی گنجائش نہیں۔ سندھ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے نہ ماننے کی وجہ سے حکومت کو دو تہائی اکثریت کے لیے تحریک انصاف سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے، یہ اسی حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب میں نئے صوبوں کی حامی ہے لیکن سندھ میں اسے سندھ کی تقسیم تصور کرتی ہے۔تیسری بڑی قوت پاکستان تحریک انصاف ہے۔ تحریک انصاف نے 2018ء کے الیکشن میں سب سے بڑا نعرہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا لگایا تھا اور کہا تھا کہ ہم اقتدار میں آ کر 100 دن میں صوبہ بنائیں گے۔ حکومت میں آ کر تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا، بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات کیے، لیکن آئینی طور پر نیا صوبہ نہ بنا سکی کیونکہ اس کے پاس بھی قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت نہیں تھی۔ آج بھی تحریک انصاف کا سرکاری مؤقف یہی ہے کہ ہم نئے صوبوں کے حق میں ہیں لیکن وہ انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں۔ تاہم تحریک انصاف کے اندر بھی خیبر پختونخواہ میں ہزارہ صوبے کے معاملے پر خاموشی ہے کیونکہ ہزارہ صوبہ تحریک انصاف کے اپنے صوبے خیبر پختونخواہ کو تقسیم کرے گا۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو تینوں جماعتیں اصولاً نئے صوبوں کے نام پر سیاست تو کرتی ہیں لیکن عملاً کوئی بھی جماعت اکیلے نیا صوبہ نہیں بنا سکتی۔ ن لیگ کو پنجاب بچانے کی فکر ہے، پیپلز پارٹی کو سندھ بچانے کی فکر ہے اور تحریک انصاف کو خیبر پختونخواہ بچانے کی فکر ہے۔ اسی لیے اب ریفرنڈم اور وفاقی آئینی عدالت کا نیا راستہ نکالنے کی باتیں ہو رہی ہیں تاکہ ذمہ داری پارلیمنٹ کے بجائے کسی اور فورم پر ڈال دی جائے۔ جب تک تینوں بڑی جماعتیں ایک میز پر بیٹھ کر یہ فیصلہ نہیں کرتیں کہ نئے صوبے واقعی انتظامی ضرورت ہیں یا لسانی شناخت، اور اس کے لیے وسائل، پانی اور سرکاری اخراجات کا بوجھ کون برداشت کرے گا، اس وقت تک یہ معاملہ صرف’ چاۓ کی پیالی میں طوفان ‘ہی بنا رہے گا۔ جبکہ زمینی حقائق کے مطابق نئے صوبوں کا قیام تقسیم نہیں بلکہ بہتر انتظامی نظم و نسق اور عوامی حقوق کی ضمانت ہے۔ آبادی 25 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، ایک صوبے کا وزیراعلیٰ اتنی بڑی آبادی کا انتظام نہیں کر سکتا۔ نئے صوبے بننے سے اختیارات اور وسائل چند بڑے شہروں تک محدود نہیں رہیں گے، مقامی سطح پر فیصلے ہوں گے، تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی کا دائرہ وسیع ہوگا۔ عوام کو لاہور، کراچی اور پشاور کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، انہیں اپنے علاقے میں سہولتیں ملیں گی۔جبکہ بعض حلقوں کی طرف سے”نئے صوبے کے حوالے سے انتہائی سخت خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے کہ نئے صوبے بننے سے فائدے سے زیادہ نقصانات ہو سکتے ہیں۔ نئے صوبے بننے سے لسانی فسادات اور پانی اور این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم پرسیاسی لڑائیاں بڑھیں گی اشرافیہ کے خاندانوں میں اضافہ ہوگا اور نکمی نااہل اور کرپٹ ترین عیاش افسر شاہی کی تعداد بڑھے گی جس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔ مفت گیس، بجلی، پیٹرول اور سرکاری گاڑیوں کو استعمال کرنے والوں کی تعداد بڑھے گی۔ ملک معاشی اور جمہوری عدم استحکام کا شکار ہو گا ایک اندازے کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ بند کر کے یہی پیسہ یعنی 850 ارب روپے سے صنعتیں لگا کر روزگار دیا جا سکتا ہے، لیکن نئے صوبوں پر وہی پیسہ ضائع ہو جائے گا نئے صوبے بنانے سے پہلے ملک میں انصاف کو فعال کریں، مفت دینے والا کلچر ختم کریں، بجلی پر کیپیسٹی چارجز، پیٹرول پر لیوی، غیر ملکی قرض لینا اور حکومتی عیاشیاں بند کریں۔ موجودہ سیاسی نظام، بیوروکریسی اور حکومتی عیاشیوں کے ساتھ نئے صوبے بنانے سے فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوسکتا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں نئے صوبے بنانا ایک انتہائی حساس، آئینی اور سیاسی معاملہ ہے۔ اس کے لیے صرف ریفرنڈم نہیں بلکہ آئین میں ترمیم اور دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ ماضی میں جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبے کی قراردادیں پاس ہوئیں لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہو سکا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ جذبات کے بجائے حقائق پر بات کی جائے۔ اگر نئے صوبے عوام کی سہولت کے لیے ہیں تو اس کا روڈ میپ، اخراجات، وسائل کی تقسیم اور پانی جیسے معاملات پر قوم کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ورنہ یہ معاملہ بھی صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور عوام کو الجھانے کے لیے استعمال ہوتا رہے گا

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button