تازہ ترینمشرق وسطیٰ

امریکی مندوب کی لبنان میں”یونیفل”کی جگہ بین الاقوامی فورس اور100مبصرین کی تعیناتی کی تجویز

لبنانی اور اسرائیلی دونوں فریقوں نے اس کے کتنے حصے پر عمل کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کی تصدیق کرنے والی کمیٹی کی تشکیل پر بھی بات ہوگی۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

( سید عاطف ندیم-ریجنل ادارت ایشیا – بین الاقوامی ڈیسک)
اقوامِ متحدہ میں امریکی مندوب مائیکل والٹز نے بیروت کا سرکاری دورہ شروع کر دیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ لبنانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں "یونیفل” کے بعد کے مرحلے کے لیے ایک امریکی منصوبہ پیش کریں گے۔ جنوبی لبنان میں یونیفل کا مشن رواں سال کے اختتام پر ختم ہو رہا ہے۔

ایک سفارتی ذریعے نے العربیہ ڈاٹ نیٹ / الحدث ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ "والٹز کے دورے کا بنیادی موضوع لبنانی حکام کے ساتھ بین الاقوامی امدادی فورس (ہنگامی دستوں) کے متبادل کی صورت پر بات چیت ہے”۔

اس معاملے میں نمایاں بات واشنگٹن کے موقف میں تبدیلی ہے۔ امریکہ ایک عرصے سے جنوبی لبنان میں یونیفل کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے، لیکن اب وہ "نیلی ٹوپیوں” (امن فوجیوں) کے متبادل کی تلاش پر آمادہ ہے، بشرطیکہ اسے اقوامِ متحدہ کی چھتری حاصل ہو۔

اسی تناظر میں سفارتی ذریعے نے اس عمل میں فرانس، خلیجی ممالک اور یورپ کے کردار کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق یہ کردار اب تک واشنگٹن کا موقف بدلنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ کو قائل کیا کہ وہ لبنانی فوج کو اسرائیلی افواج کے سامنے براہِ راست تنہا نہ چھوڑے اور دونوں فریقوں کے درمیان کوئی ثالث موجود رہے، خصوصاً اس لیے کہ "میکانزم کمیٹی” کا مشن بھی سال کے آخر میں ختم ہو رہا ہے۔

ذریعے نے یہ بھی بتایا کہ واشنگٹن اور تل ابیب کی سیاسی پیش رفت جو انتخابی نتائج کی وجہ سے سامنے آئی نے "اقوامِ متحدہ کی افواج کی روانگی کے بعد جنوبی لبنان میں خلا کے مسئلے پر امریکی موقف بدلنے” میں کردار ادا کیا۔ تاہم واشنگٹن کے یونیفل کے متبادل پر آمادہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس سے ملتی جلتی کسی اقوامِ متحدہ کی صورت پر راضی ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے مائیکل والٹز (فائل فوٹو - اے ایف پی)
اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے مائیکل والٹز (فائل فوٹو – اے ایف پی)

یونیفل جیسی فورس نہیں

سفارتی ذریعے کے مطابق امریکی تجویز ایسی بین الاقوامی فورس پر مبنی ہے جو یونیفل سے مشابہ نہ ہو، ڈھانچے میں، نہ تعداد میں، نہ سازوسامان میں اور نہ ہی مینڈیٹ میں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ امریکہ کی تجویز مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی لائن کی نگرانی کرنے والے گروپ (یونٹسو – UNTSO) سے مشابہ ہے۔ یہ اقوامِ متحدہ کا ادارہ مئی 1948 میں قائم ہوا تھا، جو اقوامِ متحدہ کا پہلا امن مشن تھا۔ اس کا کام 1948 کی جنگ کے بعد جنگ بندی کے معاہدوں کی نگرانی اور سیز فائر کی پاسداری دیکھنا تھا۔

یہ ادارہ کئی ممالک کی نمائندگی کرنے والے سو سے کم مبصرین پر مشتمل ہے۔ اسے اقوامِ متحدہ کی ایک بین الاقوامی قرارداد کے ذریعے ذمہ داری سونپی جاتی ہے، جس میں "فریم ورک معاہدے” کا بھی ذکر ہوگا۔ سفارتی ذریعے کے مطابق یہ قرارداد سال کے آخر تک متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "موجودہ بین الاقوامی فوج سے پہلے کا جنوب ان کے بعد کے جنوب جیسا نہیں ہوگا۔ نہ نیلی ٹوپیوں والے چھ ہزار فوجی ہوں گے جیسا کہ آج ہے اور نہ تقریباً نصف ارب ڈالر کا بجٹ۔ بلکہ ایک کثیر القومی فورس ہوگی جس کی تعداد سو سے زیادہ نہیں ہوگی،اس کا مشن متعین ہوگا اور وہ فریم ورک معاہدے کی نگرانی اور نفاذ پرکام کریں گے”۔

ذریعے نے مزید بتایا کہ مختلف قومیتوں کے مبصرین پر مشتمل اس بین الاقوامی ادارے کا دائرۂ کار صرف دریائے لیطانی کے جنوب تک محدود نہیں رہے گا بلکہ لیطانی کے شمال کے علاقے تک وسیع ہوگا۔ یہ ادارہ لبنانی فوج کی "فریم ورک معاہدے” پر عمل درآمد میں مدد کرے گا۔

مذاکرات م یں زیادہ تیزی

ذریعے نے تصدیق کی کہ موجودہ امریکی انتظامیہ اپنا شروع کیا ہوا کام مکمل کرے گی اور نئے سال کے آغاز پر لبنانی اسرائیلی مذاکرات زیادہ تیزی کے ساتھ بحال کرے گی۔ وہ اپنی مدت کے آخری دو برسوں میں اس فائل کو بند کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ لبنان میں امریکی سفیر مشیل عیسیٰ اپنی سرگرمیاں تیز کریں گے تاکہ جو کام انہوں نے شروع کیا ہے اسے مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ والٹز کے مذاکراتی ایجنڈے سے "فریم ورک معاہدہ” غائب نہیں ہوگا۔ وہ اس بات پر بحث کریں گے کہ لبنانی اور اسرائیلی دونوں فریقوں نے اس کے کتنے حصے پر عمل کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کی تصدیق کرنے والی کمیٹی کی تشکیل پر بھی بات ہوگی۔

واشنگٹن نے یونیفل کی مدت میں توسیع سے انکار کر دیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ فورس برسوں سے حزب اللہ کو اپنی عسکری صلاحیتیں بڑھانے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ دوسری طرف لبنان جنوب میں بین الاقوامی چھتری کی موجودگی پر زور دیتا رہا، چاہے وہ کسی ترمیم شدہ شکل میں ہو یا کسی متبادل نظام کی صورت میں، تاکہ کوئی سکیورٹی خلا پیدا نہ ہو۔

لبنان کو جسے سکیورٹی خلا کا خدشہ ہے یہ مطالبہ کیا کہ "یونیفل کی افواج 31 دسمبر 2026 کے بعد انخلا کی تیاری کے دوران اپنا کام جاری رکھیں، یعنی گشت کریں اور رپورٹیں تیار کریں، کیونکہ ان کے مینڈیٹ میں توسیع ممکن نہیں رہی”۔

واضح رہے کہ یونیفل 1978 ءسے جنوبی لبنان میں تعینات ہے اور لبنان اور اسرائیل کے درمیان علیحدگی کرنے والی فورس کے طور پر کام کرتی ہے۔ نومبر 2024ءمیں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک سال سے زیادہ جاری رہنے والی جنگ ختم کرنے والی جنگ بندی کے بعد سے وہ لبنانی فوج کی مدد کر رہی ہے، جسے حکومت نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا منصوبہ نافذ کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button