
ریسکیو 1122نے دریائے ستلج میں حالیہ بڑے سیلاب میں 17874 جانوروں سمیت 310383لوگوں کو بروقت ریسکیو کیا،سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ
16 اگست 2023کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے دوسرے ریلے میں ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر بروقت انخلاء اور زیر آب علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود کرنے کی وجہ سے کوئی قابل ذکر اموات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ESD) ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے رواں سال دریائے ستلج میں ایک تاریخی اورمیجر فلڈ ریسکیو آپریشن کیا ہے جس میں 1632 ریسکیورز اور 414 ریسکیوکشتیوں نے بمعہ آپریٹرز حصہ لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 نے 6 جولائی سے 3 ستمبر 2023 تک دریائے ستلج کے زیر آب علاقوں سے 310383 سیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو خدمات فراہم کیں جن میں 17,874 جانور بھی شامل تھے۔16 اگست 2023کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے دوسرے ریلے میں ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر بروقت انخلاء اور زیر آب علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود کرنے کی وجہ سے کوئی قابل ذکر اموات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ صرف چھ افراد نے اپنی ہی کوتاہی اور لاپرواہی کی وجہ سے جان گنوائی۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ریسکیورزکے جذبے اور خدمات کو سراہا۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹنے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں سیلاب اور امدادی کارروائیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجبکہ سیلاب زدہ اضلاع بشمول قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور اور ملتان کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور صوبائی مانیٹرنگ آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کے ساتھ ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمی کے تمام ونگز کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قصور میں سب سے زیادہ 165002متاثرہ لوگوں کوسیلابی علاقہ جات سے ایمرجنسی سروسز فراہم کرتے ہوئے انخلاء و ٹرانسپورٹیشن سے محفوظ علاقے میں منتقل کیا گیا اس کے علاوہ پاکپتن میں 30992، اوکاڑہ میں 23246، وہاڑی میں 19610 اور پنجاب کے باقی تمام اضلاع میں 53659 افراد کو سیلاب کے پر خطر علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔حالیہ سیلاب کے دوران قصور میں 7048 جانوروں کو دریائے ستلج کے سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاجبکہ بہاولپور میں 3261، وہاڑی میں 2109، پاکپتن میں 1007 اورپنجاب کے باقی اضلاع کے سیلاب زدہ علاقوں سے 4449 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔