’چین سے مقابلہ‘: انڈین نیوی نے نیا بحری جہاز بحر ہند میں اتار دیا
انڈین نیوی نے بحر ہند میں چین کا مقابلہ کرنے کے لیے سٹیلتھ گائیڈڈ میزائل تباہ کرنے والا جہاز ’آئی این ایس مورموگاؤ‘ اپنے بحری بیڑے میں شامل کیا ہے۔
انڈین نیوی نے بحر ہند میں چین کا مقابلہ کرنے کے لیے سٹیلتھ گائیڈڈ میزائل تباہ کرنے والا جہاز ’آئی این ایس مورموگاؤ‘ اپنے بحری بیڑے میں شامل کیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جہاز کو بحری بیڑے می شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی این ایس مورموگاؤ میں موجود نظام موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرے گا۔‘
’یہ ہماری دفاعی پیداواری صلاحیت کی بھی ایک مثال ہے۔ مستقبل میں ہم دنیا کے لیے جہاز سازی کریں گے۔‘
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’انڈین معیشت دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں سے ایک ہے اور ماہرین کے مطابق 2027 تک ہم چوٹی کی تین معیشتوں میں شامل ہوں گے۔‘
انڈین نیول چیف ایڈمرل آر ہری کمار نے کہا کہ ’یہ جہاز ظاہر کرتا ہے گزشتہ ایک دہائی میں انڈین نیوی نے جہاز سازی میں کتنا بڑا قدم اٹھایا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج آئی این ایس مورموگاؤ کو بحری بیڑے میں شامل کرنا جہاز سازی میں ایک اور سنگ میل ہے۔ ایک سال پہلے وساکھاپتنا جہاز کو شامل کیا گیا تھا۔‘
اس جہاز میں کئی سینسرز، جدید رڈار اور زمین سے زمین پر اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نصب کیے گئے ہیں۔
اسے نیوکلیئر، بائیولوجیکل اور کیمیکل جنگ کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس میں جدید رڈار سسٹم نصب کیا گیا ہے جو ٹارگٹ ڈیٹا مہیا کرتا ہے۔
اس جہاز میں برہاموس سپر سونک کروز میزائل بھی لگا ہوا ہے جس کی رینج 290 کلومیٹر سے بڑھا کر 450 کلومیٹر کی گئی ہے۔