فیفا ورلڈ کپ: فاتح ٹیم کتنی انعامی رقم گھر لے جائے گی؟
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2022 جیتنے والی ٹیم اپنی فٹ بال فیڈریشن کے لیے چار کروڑ 20 لاکھ ڈالر کمائے گی۔
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2022 جیتنے والی ٹیم اپنی فٹ بال فیڈریشن کے لیے چار کروڑ 20 لاکھ ڈالر کمائے گی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو فیفا کے 44 کروڑ ڈالر کے انعامی فنڈ میں سے تین کروڑ ڈالر ملیں گے۔
فرانس نے جب سنہ 2018 کا ورلڈ کپ جیتا تھا تو اس کی فٹ بال فیڈریشن کو فیفا کے 40 کروڑ ڈالر کے انعامی فنڈ سے تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر ملے تھے۔
یہ ساری انعامی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم نہیں ہوتی بلکہ انہیں اس کا ایک اچھا حصہ ملنے کی امید ہوتی ہے۔
فرانس کے کھیلوں کے اخبار L’Equipe کے مطابق کائلان ایمباپے جیسے فرانس کے کھلاڑی اس فہرست میں شامل ہیں جنہیں فائنل جیتنے پر ان کی فیڈریشن کی طرف سے پانچ لاکھ 86 ہزار ڈالر کا بونس دیا جائے گا۔
رواں برس ورلڈ کپ کھیلنے والی ہر ٹیم کی فیڈریشن کو کم از کم 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے اخراجات کی مد میں 15 لاکھ ڈالر علیحدہ سے ملیں گے۔
ٹورنامنٹ میں تیسرے ںمبر پر آنے والے کروشیا کو انعامی رقم کی مد میں دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ چوتھے نمبر پر رہنے والی مراکش کی ٹیم کو دو کروڑ 50 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
فیفا کا گزشتہ چار برسوں سے ٹوٹل ریونیو سات ارب 50 کروڑ ڈالر رہا ہے، جس میں زیادہ بڑا حصہ براڈکاسٹ اور سپانسر شپ ڈیلز کا ہے۔