
کھیل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کھلاڑیوں کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ حل ہوگیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کر دیے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق یہ سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے لے کر 30 جون 2026 تک ہوں گے۔
پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں اس مرتبہ 25 کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے قومی کنٹریکٹس کو ضم کر کے ایک کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں چار کیٹیگریاں بنائی ہیں جس میں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگری شامل ہے۔
اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 202 فیصد، بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 144 فیصد، سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 135 فیصد جبکہ ڈی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 127 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اے کیٹیگری کے کھلاڑی
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
بی کیٹیگری کے کھلاڑی
سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان شامل ہیں۔
سی کیٹیگری کے کھلاڑی
پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹیگری میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
ڈی کیٹیگری کے کھلاڑی
سینٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کیٹیگری میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دہانی، شان مسعود، اُسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔
واضح رہے پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں ایمرجنگ کیٹیگری کو ختم کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد، ون ڈے میچ فیس میں 25 فیصد جبکہ ٹی20 میچ فیس میں 12.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
