
49ویں سپیشل ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت پولیس افسران کا سول سیکرٹریٹ کا مطالعاتی دورہ
وفد کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ای گورننس اور سیاحت کے شعبے میں کئے جانیوالے اقدامات پر بریفنگ دی گئی رواں مالی سال کے وسط تک ترقیاتی سکیموں پر فنڈز کے استعمال کی شرح 56فیصد ہے۔بریفنگ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):49ویں سپیشل ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت پولیس افسران نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ کا مطالعاتی دورہ کیا۔چیف سیکرٹری پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن احمد رضا سرور نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ای گورننس اور سیاحت کے شعبے میں کئے جانیوالے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے احمد رضا سرور نے کہا کہ صوبہ میں تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ سرکاری افسران اپنے فرائض محنت، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرانجام دیں۔
چیف اکانومسٹ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات علی بہادر قاضی نے شرکاء کو صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 685ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے اوررواں مالی سال کے وسط تک ترقیاتی سکیموں پر فنڈز کے استعمال کی شرح 56فیصد ہے۔ا نہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
سیکرٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوارڈینیشن ظہور حسین نے وفد کے شرکا کے سوالات کے جوابات دئیے۔ مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔