
پنجاب یونیورسٹی اور پاکستان نیوی وار کالج کے مابین معاہدہ
اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پنجاب یونیورسٹی اور پاکستان نیوی وار کالج کے مابین مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر،کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج میری ٹائم سنٹر آف ایکسیلنس لاہور رئیر ایڈمرل جاوید اقبال، ڈپٹی کمانڈنٹ کموڈور احسان احمد، پنجاب یونیورسٹی ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ثوبیہ خرم و دیگر نے شرکت کی۔ معاہدے کے مطابق فریقین نہ صرف مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دیں بلکہ شارٹ کورسز کابھی آغاز کریں گے۔ پنجاب یونیورسٹی اور پاکستان نیوی وار کالج مشترکہ طور پر سیمینار، کانفرنس وغیرہ بھی منعقد کرانے کے علاوہ اساتذہ و محققین کے وفود کا تبادلہ بھی کریں گے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر نیازاحمد اختر نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں نیوی کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوی کے شہدا نے قربانیاں دے کر پاکستان کو دشمنوں سے محفوظ رکھا۔