
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کا ٹی ایچ کیو گوجر خان کا دورہ
چھ کروڑ مالیت کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، آپریشن تھیٹر، لیبر روم، بلڈ بینک اور وارڈز کی تعمیر نو اور بحالی کی جائے گی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجر خان کا دورہ اور ہسپتال کے تعمیر نو اور بحالی کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ چھ کروڑ روپے مالیت کے ان منصوبوں میں نئے آپریشن تھیٹر کی تعمیر، بلڈ بنک لیبر روم اور وارڈز کی بحالی اور توسیع شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مراد حسین نیکوکارہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انصر اسحاق اور ایم ایس ڈاکٹر سرمد کیانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے یوئے، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سرکاری علاج گاہوں میں نظام کی بہتری اور شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی بروقت دستیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سمیت تمام وارڈز میں ڈاکٹرز اور نرسوں کے ڈیوٹی روسٹرز نمایاں جگہ پر چسپاں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری طبی سہولیات کے متعلق 1033 ہیلپ لائن پر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں، یہ شکایات کی وصولی اور ان پر کاروائی کا ڈیجیٹل نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت شہریوں کی شکایت پر بروقت کاروائی کی جاتی ہے جبکہ غفلت کی صورت میں متعلقہ ایم ایس کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے ہسپتال کے اوپی ڈی، ایمرجنسی، بلڈ بنک اور پتھالوجی لیب کا بھی معائنہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے گرین پنجاب پروگرام کے تحت پودا بھی لگایا۔