
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے شہر کی مختلف مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کا دورہ کیا
سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے مارکیٹیں اور دکانیں زبردستی بند کروانے کے واقعات کانوٹس لیتے ہوئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے مارکیٹیں اور دکانیں زبردستی بند کروانے کے واقعات کانوٹس لیتے ہوئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر، ایس پی سکیورٹی،ایس پی سٹی سمیت سینئر پولیس افسران ان کے ہمراہ تھے۔ پولیس کے بھاری نفری بھی اس موقع پر موجود تھی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے شاہ عالم مارکیٹ،دلی دروازہ،براندتھ روڈ اور اکبری گیٹ سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورہ کے موقع پر سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے انجمن تاجران لاہور کے صدر حاجی مجاہد مقصود بٹ اور دیگر تاجر تنظیموں کے رہنماؤں اور دکانداروں سے ملاقات کی۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے تاہم معاشی سرگرمیوں میں مصروف تاجر برادری کو سیاسی مفادات کے لئے ہرگز تنگ نہ کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کسی بھی شخص کو زبردستی دکانیں اور کاروبار بند کروانے نہیں دیں گے۔سی سی پی او لاہور نے تاجر رہنماؤں اور دکانداروں سے کہا کہ وہ بلاخوف و خطر مارکیٹیں اور دکانیں کھولیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔سی سی پی او لاہور کی یقین دہانی کے بعد تاجروں اور دکانداروں نے سینئر پولیس افسران کی موجودگی میں سیاسی جماعت کے کارندوں کی طرف سے زبردستی بند کروائی گئی مارکیٹیں، دکانیں اور کاروبار دوبارہ کھول دیئے۔ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پرامن شہر ہے،سٹیٹ کی رٹ بہت صورت برقرار رکھیں گے۔سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ کسی بھی شخص کو توڑ پھوڑ اور غنڈہ گردی کی ہرگز اجازت نہیں،قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ تمام ایس پیز، ایس ڈی پی او سمیت پولیس افسران تاجر تنظیموں اور نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔لاہور پولیس کی طرف سے حساس مارکیٹوں اور کاروباری مراکز پر اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔مارکیٹوں، بازاروں اور کاروباری مراکز کے گرد ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کرتی رہیں۔بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت تھی کہ ایس پیز مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کا دورہ کرکے تاجروں کی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔صدر انجمن تاجران لاہور حاجی محمد مقصود بٹ اور دیگر تاجر تنظیموں کے رہنماؤں اور نمائندوں نے شتر ڈاؤن کال سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا ک سیاسی جماعت کی ہڑتال کی کال کو قطعی طور پر رد کرتے ہیں اور وہ پولیس سکیورٹی میں انتظامیہ کے تعاون سے کاروبار جاری رکھیں گے۔