
لیسکو کے امدادی پیکج کو ملازمین کی فلاح کے لئے مزید بہتر کردیا گیا ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لیسکو کے حاضر سروس،ریٹائرڈ اور وفات پاجانے والے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے لیسکو کے اسسٹینس پیکج میں ترمیم کی منظوری دی ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی ایچ آر کمیٹی کا اجلاس آج لیسکو ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین بی او ڈی حافظ محمدنعمان سمیت بورڈ کے دیگر ممبران اور لیسکو افسران نے شرکت کی۔ایچ آر کمیٹی کے آج کے اجلاس میں ملازمین کی بہتری اور فلاح کے سلسلے میں اہم فیصلے کئے گئے۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لیسکو کے حاضر سروس،ریٹائرڈ اور وفات پاجانے والے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے لیسکو کے اسسٹینس پیکج میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔نئے ترمیمی پیکج کے تحت ملازمین کے بچوں کے لئے تعلیمی اسکالرشپ میں نرمی کی گئی ہے۔ اسکالرشپ کی مد میں ذیادہ سے ذیادہ بچوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے نمبروں کی پرسینٹیج کم کردی گئی ہے۔ میٹرک کی پرسینٹیج کی حد کو 80%سے کم کرکے 70%کردیا گیا، ایف اے- ایف ایس سی کے نمبروں کی حد 80%سے 65%جبکہ بی اے -بی ایس سی کے لئے CGPAکی حد کو 3.5سے کم کرکے 3کردیا گیا ہے جبکہ تعلیمی اسکالر شپ کو ون ٹائم سے تبدیل کرکے اب سالانہ بنیادوں پر کردیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ بی او ڈی نے ملازمین کے لئے تجہیز و تکفین کی مد میں دی جانے والی رقم کو 15000سے بڑھا کر بیس ہزار روپے کردیا ہے۔آج کے اجلاس میں لیسکو کے زیر انتظام 3ہائی اسکولز کو سوشل کارپوریٹرریسپانسیبیلیٹی کے تحت اساتذہ کے سروس اسٹرکچر کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی جبکہ پہلے سے موجود اساتذہ کی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔اس کے ساتھ ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ لیسکو اسکولز کو اردو میڈیم سے انگلش میڈیم اسکولز میں تبدیل کیا جائے گا۔لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز پرعزم ہے کہ اس سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ اساتذہ کا موروال بھی بلند ہوگا۔آج کے اجلاس میں لیسکو کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اس کے ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔