پنجاب بھر میں ای رجسٹریشن کے لیے افسران کی ٹریننگ کا آغاز 28 اپریل لاہور سے ہوگا، ڈی جی پی ایل آر اے
اس موقع پر سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بتایا کہ ای رجسٹریشن پورٹل کی مدد سے شہری رجسٹری کے لیے اپنے کوائف پورٹل پر گھر بیٹھے خود رجسٹر کر سکیں گے اور شہری اپنی رجسٹری کی کاپی آئن لائن حاصل بھی کر سکیں گے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت ای رجسٹریشن (الیکٹرانک ڈیڈ رجسٹریشن سسٹم) کی الاونچنگ بارے بورڈ کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبر ٹیکسز طارق قریشی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر ، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف رومان برآنہ، سیکرٹری ٹیکسز ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شیراز محمود، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی جی پی ایل آر اے و دیگر متعلقہ افسران کی جانب سے ایس ایم بی آر کو ای رجسٹریشن کی الاونچنگ بارے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ای رجسٹریشن کے لیے افسران کی ٹریننگ کا آغاز 28 اپریل لاہور سے ہونے جارہا ہے جو 15 مئی تک پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں جاری رہے گا جس میں تمام اضلاع کے متعلقہ افسران ٹریننگ کے عمل کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ ای رجسٹریشن کے ذریعے رجسٹری اور انتقالات پاس کرنے کا آغاز ساہیوال سے یکم مئی 2023 سے کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بتایا کہ ای رجسٹریشن پورٹل کی مدد سے شہری رجسٹری کے لیے اپنے کوائف پورٹل پر گھر بیٹھے خود رجسٹر کر سکیں گے اور شہری اپنی رجسٹری کی کاپی آئن لائن حاصل بھی کر سکیں گے۔ ای رجسٹریشن کے قیام سے نظام میں شفافیت آئے گئی اور شہریوں کو دفاتر کے چکروں سے بھی چھٹکارا حاصل ہو گا۔ای رجسٹریشن کے ذریعے جائیداد خریدنے اور فروخت کرنے والے شہری ضلع و تحصیل کے کسی بھی سب رجسٹرار کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروا سکے گے۔
ایس ایم بی آر نے کہا کہ ای رجسٹریشن کے ذریعے شہریوں کے کام میں رکاوٹ کا باعث بننے والے افسران کی نگرانی بھی کی جا سکے گی اور ای رجسٹریشن پورٹل کی مدد سے بورڈ آف ریونیو کے افسران ، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر سب رجسٹرار کی کارکردگی کا جائزہ اور نظام میں شفافیت لانے کے لیے مانیٹرنگ بھی کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجٹل طریقہ کار سے شہریوں کی جائیدادوں کا ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں ، ای رجسٹریشن کے ذریعے ریکارڈ میں ردوبدل ناممکن ہو گئی اور ای رجسٹریشن سے پراپرٹی ویلیو کے مطابق ٹیکس کولیکشن کو یقینی بنایا جا سکے جس سے ٹیکس چوری کرنے والوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے گا اور ای رجسٹریشن سے ہونے والی رجسٹری و انتقالات میں ٹیکس چوری ناممکن ہو گی۔
ایس ایم بی آر نے ممبر ٹیکسز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ نوٹیفائیڈ ریٹس کے سٹرکچر اور اسسمنٹ پر غور کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر رولز میں تبدیلی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں اشٹام کی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے جو ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،اسٹیمپ انسپکٹرز سمیت تمام اضلاع کے افسران اشٹام فروشوں پر کڑی نظر رکھیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں
انہوں نے کہا کہ مہنگے اشٹام فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں اور حکومتی ریٹس کے مطابق اشٹام کی فروخت کو یقینی بنایا جائے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔