
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے نگران وزیرتعلیم پنجاب منصور قادر کی ملاقات
نگران صوبائی وزیر تعلیم نے گورنر پنجاب کے پبلک سیکٹر جامعات میں پرو وائس چانسلرز تعینات کرنے کے اقدام کو سراہا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پنجاب کے گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وائس چانسلرز کی بروقت تعیناتی یونیورسٹیوں میں گڈ گورننس کیلئے بہت ضروری ہے ۔ بطور وائس چانسلر یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز اور اہم پوسٹوں پر بھرتی کا عمل چھ ماہ قبل شروع کرنے کے احکامات دے دئے ہیں ۔
گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب کے نگران وزیرتعلیم منصور قادر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گذشتہ حکومت کو بار بار متوجہ کروانے کے باوجود وائس چانسلرز کی بروقت تقرریوں کے حوالے سے کوئی اقدام نہ اٹھانے سے جامعات میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں میرٹ کی بالادستی ترجیح ہے اور اساتذہ تحقیق کا عنصر طلبا کی سوچ میں شامل کریں ۔گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں طلبا کی تعلیم کے ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے ۔
نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے پبلک سیکٹر جامعات میں پرووائس چانسلر تعینات کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹیوں میں اکیڈمیاں اور انڈسٹری کے درمیان روابط قائم ہونے سے طلبا کو روز گار کے مواقع میسر آئیں گے-