
اوور ایج بچوں کی تعلیم اور فنی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر خرم شہزاد
پسماندہ طبقات کے آئوٹ آف سکول بچوں کو زیادہ سے زیادہ انرول کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈی جی لٹریسی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر جنرل لٹریسی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر خرم شہزاد سے جاپانی وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جاپانی ادارے جائیکا کے افراد بھی شامل تھے۔ وفد کو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ بالخصوص جائیکا کے تعاون سے چلنے والے تعلیمی پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جائیکا مشن کے ساتھ مختلف پراجیکٹس کی بہتری اور وسعت بارے بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ دیگر منصوبوں کے آغاز پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں مذکورہ پراجیکٹس کا مڈ ٹرم ریویو بھی کیا گیا۔ جاپانی وفد نے جائیکا کے تعاون سے چلنے والے تعلیمی پراجیکٹس کی پیش رفت اور کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ڈی جی لٹریسی اور جائیکا مشن مابین ڈسٹرکٹ مانیٹرز، لٹریسی موبلائزرز کی تعداد بڑھانے، 2030 تک 100 فیصد شرح خواندگی کا ٹارگٹ حاصل کرنے، ٹیچر ٹریننگ نظام کو منظم کرنے، اساتذہ اور طلبہ کی کیپیسٹی بلڈنگ میں اضافے کیلئے اقدامات اور طلبہ کی صلاحیتوں کی پرورش پر کام بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ جائیکا مشن نے کہا کہ پنجاب لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی دیگر صوبوں سے بہتر ہے۔ پنجاب کا لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نان فارمل ایجوکیشن پر بہترین کام کرتے ہوئے جائیکا کے تعاون سے چلنے والے تعلیمی منصوبوں کو اچھے انداز میں لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔ ڈی جی لٹریسی ڈاکٹر خرم شہزاد نے جائیکا مشن کو بتایا کہ صوبے کے پسماندہ طبقات کے آئوٹ آف سکول بچوں کو زیادہ سے زیادہ انرول کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ بالخصوص اوور ایج بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ جاپانی وفد نے پاکستان میں نان فارمل ایجوکیشن پر کام کا دائرہ وسیع کرنے، نان فارمل سکولوں میں فنی تعلیم پر توجہ، مانیٹرنگ فریم ورک کو ڈیجیٹلائز کرنے اور فنی تعلیم کیلئے پرائمری لیول ماڈیول پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی۔