محکمہ پولیس میں عدم دلچسپی اورغفلت کی کوئی گنجائش نہیں، پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں دلجمعی سے ادا کریں۔سربراہ لاہور پولیس
بلال صدیق کمیانہ کی ڈی ایس پی ٹاؤن شپ شعیب خان، ایس ایچ او اور انچارج (انوسٹی گیشن) گرین ٹاؤن کو وارننگ، کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس آفس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی، امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے ڈی ایس پی(انوسٹی گیشن) ٹاون شپ شعیب خان سمیت ایس ایچ او اور انچارج (انوسٹی گیشن) گرین ٹاؤن کو غیر تسلی بخش کارکردگی پر وارننگ دیتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں عدم دلچسپی اورغفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔اس موقع پر سربراہ لاہور پولیس نے اشتہاری مجرمان، عادی چوروں، ڈاکوؤں، اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز موٹر سائیکل چوری اور جھپٹا میں ملوث گینگز کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائیں،کوتاہی قابل ِ قبول نہیں ہوگی۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں دلجمعی سے ادا کریں اور شہر سے جرائم کے خاتمے اور پر امن ماحول کے قیام میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
اجلاس کے دوران سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور دیگر شرکاء نے ایس ایچ او گلشن راوی دلاور علی بھٹہ کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی۔ اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)بھی اجلاس میں شریک تھے۔