
آسٹریلیا کی فریڈ ہالوز فاونڈیشن تین اضلاع میں آنکھوں کے علاج کے لئے30لاکھ ڈالر کی لاگت سےجدید آلات مہیا کرے گی۔ڈاکٹر جمال ناصر
ان اضلاع میں موتیا کے آپریشن مفت کئے جائیں گے، نظرکے چشمے بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔ ایم او یو پر دستخط کر دئیے گئے، پروگرام پر عمل درآمد یکم دسمبر سے شروع ہو رہا ہے . وزیر پرائمری ہیلتھ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ آسٹریلیا کی فریڈ ہالوز فاونڈیشن پنجاب کے تین پسماندہ اضلاع بہاولپور، لودھراں اور وہاڑی میں چار سال کے دوران 30 لاکھ ڈالر کی لاگت سے آنکھوں کے علاج کے لئے جدید آلات اور دیگر سہولتیں مہیا کرے گی۔جس سے ان اضلاع کی 80 لاکھ سے زیادہ آبادی مستفید ہو گی۔ان اضلاع کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں سفید موتیا کے آپریشن مفت کئے جائیں گے اور علاج کروانے والوں کو نزدیک کی نظرکے چشمے بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ اس مقصد کے لئےایم او یو پر دستخط کر دئیے گئے ہیں، پروگرام پر عمل درآمد کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور یکم دسمبر سے اس پر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ان اضلاع میں زرعی شعبے اور گارمنٹ فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کو خصوصی طور پر آنکھوں کے علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔پروگرام پر عمل درآمد کے لئے محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر، کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ وژن سائنسز، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہوراور فریڈ ہالوز فاؤنڈیشن آسٹریلیا مشترکہ طور پر کریں گے۔ تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں درکار سہولتیں یعنی (missing facilities) اور امراض چشم کے علاج کےلئے جدید ترین آلات مہیا کئے جائیں گے۔ان اضلاع کے منتخب شدہ سرکاری ہسپتالوں میں آنکھوں کی آؤٹ ڈورز اور آپریشن تھیٹرز کی ضروری تزئین و آرائش کی جائے گی اور وہاں فرنیچرمہیا کیا جائے گا۔خواتین مریضوں کے لئے علیحدہ انتظار گاہیں تیار کی جائیں گی۔ایڈوانسڈ پرائمری آئی کیئر کا تصور متعارف کرانے کے لیے منتخب دیہی مراکز صحت میں آنکھوں کی دیکھ بھال کی خدمات مہیا کی جائیں گی۔آنکھوں کی سکریننگ یعنی ابتدائی جانچ پڑتال کی خدمات بنیادی مراکز صحت کی سطح پر لے جائی جائیں گی۔ اس مقصد کے لئے ہر ضلع میں ایک ایک خصوصی ٹیم تعینات کی جائے گی۔ان اضلاع کے تمام میڈیکل آفیسرز کو پرائمری آئی کیئر کی تربیت دی جائے گی۔تمام لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو پرائمری آئی کیئر کی تربیت دی جائے گی۔
ایم۔او یو پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد اقبال، کے ای یونیورسٹی کے پروفیسر محمد معین اور فریڈ ہالوز فاونڈیشن کے فاروق اعوان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے آنکھوں کے علاج کے لئے معاونت کرنے پر فریڈ ہالوز فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔***