
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد
سی سی پی او لاہور کی سمارٹ پولیس اسٹیشنز پروگرام کے تحت نئے تھانوں کے قیام کی منظوری بلال صدیق کمیانہ کا کام کی رفتار پر اظہارِ اطمینان، متعلقہ افسران و عملہ کو شاباش
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محکمہ پولیس کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر منتقلی اور نئے تھانوں کی تعمیر کیلئے زمین کے حصول کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 31دسمبر تک صوبائی دارالحکومت کے تمام تھانوں کی تعمیروبحالی کا کام مکمل کرلیا جائے گا جبکہ 70تھانوں کا سول ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران و عملہ کو شاباش دی۔ سی سی پی او لاہورنے سمارٹ پولیس اسٹیشنز پروگرام کے تحت نئے تھانوں کے قیام کی منظوری بھی دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شیراکوٹ، ملت پارک، شادمان،سمن آباد، غالب مارکیٹ، اسلام پورہ اور باٹا پور پولیس سٹیشنز کی نشاندہی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔سی سی پی او نے افسران کو تھانوں کی تعمیر اوراراضی کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بہترین کوارڈینیشن سے معاملات کو آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی (آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی (آپریشنز)سید علی رضا، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔