صحت

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمارا جسم اللہ پاک کی ایک امانت ہے۔ ہمیں اللہ پاک کی اس امانت کی حفاظت کرنی چاہئے

نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ایک مثالی ادارہ ہے۔حال ہی میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں تین انسانی زندگیوں کو بچا لیا گیا ہے

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری اوقات سید طاہر رضا بخاری، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر، ڈائریکٹرجنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم، ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار اور علماء کرام کے علاوہ خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان کو صحت کے شعبہ میں بہت سارے مسائل درپیش ہیں۔ ہمیں بہتر زندگی گزارنے کیلئے بہتر لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمارا جسم اللہ پاک کی ایک امانت ہے۔ ہمیں اللہ پاک کی اس امانت کی حفاظت کرنی چاہئے۔ ہم اس وقت فاسٹ فوڈ کھانے کی صحت کی خرابی کی صورت میں بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ایک مثالی ادارہ ہے۔حال ہی میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں تین انسانی زندگیوں کو بچا لیا گیا ہے۔ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ میں نے اپنے تمام اعضاء عطیہ کرنے کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے۔اپنے اعضاء عطیہ کرکے کسی دوسرے کی جان بچانا عظیم صدقہ جاریہ ہے۔ ایس او پیز کے مطابق برین ڈیتھ کے دوران انسانی اعضاء حاصل کئے جاتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے علماء کرام سے معاشرے میں انسانی اعضاء عطیہ کرنے کے حوالے سے آگاہی پھیلانی کی اپیل کی۔نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ عطائی انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ سیمینار میں مدعو کرنے پر انتظامیہ کا مشکور ہوں۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر نے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر ڈائریکٹرجنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button