
پنجاب پولیس بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے سرگرم،رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی، ترجمان پنجاب پولیس
پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، گرفتاری کیلئے مسلسل تحرک جاری رکھا بالاخر فراڈ کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم صابر علی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس بیرون ملک مفروراشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں پولیس ٹیموں کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔ پولیس کے مسلسل فالواپ اور انٹرپول کے ساتھ کلو ز کوارڈینیشن سے ایک اور اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار ہو کر وطن واپس پہنچا گیا ہے۔ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اشتہاری مجرم صابر علی 03 سال قبل میانوالی میں شہری سے 30 لاکھ روپے کا فراڈ کرکے بیرون ملک مفرور ہو گیا تھا، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، گرفتاری کیلئے مسلسل تحرک جاری رکھا بالاخر فراڈ کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم صابر علی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم کو ائیر پورٹ پر میانوالی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بیرون ملک سے اشتہاری مجرم گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔